پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز، قومی ٹیم کلین سوئپ کیلیے پرعزم

137

دبئی (سید وزیر علی قادری) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں آج دبئی کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی، گرین شرٹس کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی، گرین شرٹس نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں برتری دوگنی کی۔ مسلسل فتوحات کے بعد پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑیوں نے تیسرا میچ جیت کر حریف ٹیم کو سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کرنے پر نظریں مرکوز کر لی ہیں، دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان3 ون ڈے اور3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔