کوئٹہ :ضلعی انتظامیہ کیخلاف انجمن تاجران کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال

103

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کی آڑ میں بھاری جرمانے، سامان لے جانے ، ہر روزدکانے سیل کرنے اور ہتک آمیز رویے کے خلاف مرکزی انجمن تاجران کی اپیل پر کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو ئی ،ہفتے کو شہر کے مصروف کاروباری اور تجارتی مراکز جناح روڈ، لیاقت بازار، قندھاری بازار، پرنس روڈ ، سورج گنج بازار، سرکلر روڈ، مصنفی روڈ، فاطمہ جناح روڈ، ڈاکٹر بانو روڈ، ڈبل روڈ، عالمو چوک اور ہزار گنجی سمیت شہر کے بیشتر کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے تاہم ہوٹل، تندور ، میڈیکل اسٹور اور ٹرانسپورٹ کے دفاتر کھلے رہے۔ مرکزی انجمن تاجران کے ترجمان اللہ داد ترین کے مطابق ہڑتال ضلعی انتظامیہ ، ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے رویے کے خلاف کی گئی ہے۔ تاجر رہنما عبدالقیوم کاکڑ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے اہلکار جرمانے کے نام پر بھتا وصول کررہے ہیں۔ بیکریوں پر چھاپے مار کر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا جاتا ہے اور رقم افسران کی جیبوں میں چلی جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تاجر دشمن رویہ درست نہ کیا تواحتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیا جائیگا ، ریلیوں اور مظاہروں کے علاوہ پورے صوبے میں شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی جائے گی۔