دشمن طاقتیں آئین پاکستان سے اسلامی دفعات نکالنے کیلیے کوشاں ہیں، عارف شیرازی

183

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن طاقتیں پاکستان کے آئین سے اسلامی دفعات کو نکالنے کے لیے ہمارے حکمرانوں پر دباؤ ڈالتی رہتی ہیں ۔ الحمد للہ ! پاکستان کی دینی جماعتیں ٗ علما کرام اور عاشقان رسول ﷺ جاگ رہے ہیں ۔اب آئندہ کوئی بھی اسلامی قوانین سے چھیڑ چھاڑ نہیں کر سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں عدالت عظمیٰ کی طرف سے ملعونہ آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف مظاہرہ کرنے پرگرفتار ہونے والے جے آئی یوتھ کے کارکنان کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد ان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق امیر ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمن سواتی ٗ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل راجا محمد جواد ٗ جنرل سیکرٹری سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی ضیا اللہ چوہان ٗ نائب امیر سید عزیر حامد ٗ ڈپٹی سیکرٹری محمد عثمان آکاش ٗ صدر جے آئی یوتھ سٹی ڈسٹرکٹ ملک عمران ٗ صدر جے آئی یوتھ رورل سردار تفہیم اعظم ٗکونسلر ملک محمد الیاس اور سردار رفیع الدین سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو دین اسلام کا صحیح شعور دیا جائے۔نوجوان دُنیا اور آخرت میں کامیابی کیلیے اپنی زندگیوں کو اسوہ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالیں ۔ ماہ ربیع الاوّل میں اپنی آبادیوں میں حرمت رسول ﷺ اور سیرت النبی ﷺ کے جلسے منعقد کروائیں ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ اللہ آپ کی قربانی اور جدوجہد کو منظور اور قبول کرے۔ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہماری قوم حضورنبی کریم ﷺ سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ اس مبارک جذبے کو منظم کرنے اور صحیح رُخ پر لے کر جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لاکھوں کے جلسے اور مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ کبھی کہیں ایک پتا بھی نہیں ٹوٹا۔ قوم نے دیکھا کہ زرداری ٗ شہباز شریف اور عمران خان عدلیہ کی حمایت میں ایک صف میں تھے۔ جماعت اسلامی غلبہ دین کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے اعلان کے مطابق حرمت رسول ﷺ کی تحریک کو ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔راجا محمد جواد نے کہا کہ ربیع الاوّل کے مہینے میں حرمت رسول ﷺ اور سیرت رسول ﷺ کے عنوان سے جلسے اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔ اسلام کے دور اوّل سے لے کر اب تک ہر جگہ اسلام کی دعوت اور انقلاب کے لیے نوجوانوں نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔