وزیراعظم ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے اقدامات کریں،امیر العظیم

98

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جانب سے اپنی رہائی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کو خط ہمارے گزشتہ حکمرانوں کی بے حسی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان جماعت اسلامی کی طرح ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے ماضی میں بھی بھرپور آواز اٹھاتے رہے ہیں، اب چونکہ وہ خود حکومت میں ہیں لہٰذا انہیں تمام سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے قوم کی بیٹی کو واپس لانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جنرل (ر) مشرف نے چند ڈالروں کے عوض ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت سیکڑوں پاکستانیوں کو امریکا کے ہاتھوں فروخت کیا تھا۔ معصوم اور بے گناہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی گزشتہ دس برسوں سے امریکی جیل میں ناکردہ گناہوں کی سزابھگت رہی ہیں، انہیں سابق ڈکٹیٹر نے اغوا کرکے امریکا کے حوالے کیا تھا۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی چاہتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس ضمن میں مخلصانہ اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کی غیر دانشمندانہ اور بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ آج تک پوری قوم بھگت رہی ہے۔ نائن الیون کے بعد نام نہاد امریکی جنگ کے نتائج کا ہمیں آج بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ امریکا کا اتحادی بننے کا ہمیں یہ صلہ ملا ہے کہ آج امریکا بھارت پر اپنی نوازشات کررہا ہے اور پاکستان کیخلاف بھارت کی سازشوں کی سرپرستی کررہا ہے۔ ملک کودرپیش چیلنجز درحقیقت جنرل مشرف کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ پرویز مشرف نے پاکستان کو نام نہاد امریکی جنگ میں دھکیل دیاجس کی وجہ سے آج تک پاکستانی قوم دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کررہی ہے۔ امریکا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے اب بھی ہم سے ڈو مور کا مطالبہ کررہا ہے۔