معیشت کی درستگی کے حکومتی وعدے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں

94

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئر عظیم رندھاوا نے کہا ہے ملک بدترین معاشی بحرانوں کی زد میں ہے لیکن معیشت کی درستگی کے حکومتی وعدے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں،پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک اسلامی وفلاحی ریاست بنانے ، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے اور 50 لاکھ گھر تعمیر کرکے بے گھر افراد کو دینے کے وعدے کیے تھے مگر اب تک مدینہ منورہ کی اسلامی وفلاحی ریاست کی طرف حکومت نے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا ۔ اگر حکومت سودی معیشت کے بجائے اسلام کا پاکیزہ معاشی نظام رائج کردے تو ملک کے تمام معاشی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں ضلعی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ملک معراج الدین بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ابھی تک بے روزگاری کے خاتمے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے حوالے سے کوئی پالیسی سامنے لیکر نہیں آئی ۔ پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری سے تنگ آکر اپنی ڈگریاں جلانے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ حکومت نے قوم کو تبدیلی کے جو سہانے خواب دکھائے تھے ان کی تعبیر مہنگائی کی صورت میں سامنے آئی ہے ۔ 70 دنوں میں بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے سوا تو کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی ۔جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی ۔حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیاتھا مگر اداروں کے بندہونے سے لوگ بے روزگار ہورہے ہیں ۔حکومت کو اپنی کارکردگی کا خود جائزہ لینا چاہیے ۔ اب تک کی حکومتی کارکردگی عوام کو مطمئن نہیں کرسکی۔