جماعت اسلامی اس ملک میں اسلام کے غلبے کیلیے جدوجہد کررہی ہے

102

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)نومنتخب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے پارلیمنٹ سمیت دیگر فورمزپراسرائیل اوریہودیوں کے حق میں مہم کے ذریعے اسرائیل کوتسلیم کرنے کی مہم چلانے والی سیکولر یہودی لابی جان لے کہ یہاں کا مسلمان انہیں شکست سے دوچارکرے گا ، جماعت اسلامی اس ملک میں اسلام کے غلبے کیلیے جدوجہد کررہی ہے اس کے کسی کارکن کے پیش نظرکوئی عہدہ یا منصب نہیں ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلعی مجلس شوریٰ کے اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق امیرضلع شمس الرحمن سواتی سمیت ضلع بھرسے اراکین شوریٰ اورامرائے زون وتحصیل نے بھی خطاب کیا ۔اجلاس میں تنظیمی ،تربیتی ،دعوتی اورسیاسی امورکا جائزہ لے کرآئندہ کی پلاننگ کے علاو ہ آئندہ سیشن کیلیے ضلعی ذمے داران کا تقرربھی کیاگیا۔راجا محمدجواد نے کہاکہ نئی ٹیم ایک نئے عزم وحوصلے اورجذبے سے ازسرنوکام کا آغازکرے ،ہماری ترجیحات تنظیم کی مضبوطی کے ذریعے دعوت وتربیت کا فروغ ہوناچاہیے ،ذمے داران یونین کونسل او رگلی محلے کی سطح تک تنظیم کومنظم اورمتحرک کریں اورکارکنان کا تعلق قرآن وحدیث اور اسلامی لٹریچرسے مضبوط کریں ۔اس موقع پرذمے داران اوراراکین شوریٰ نے سابق امیرضلع شمس الرحمن سواتی کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔