پاکستان کی اقتصادی صلاحیت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ نواف سعید المالکی

357

سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ احمد حسن مغل 

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر جناب نواف سعید المالکی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اورپاکستان و سعودی عرب کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، چیمبر کی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین خالد ملک اور دیگر شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر جناب نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان کاروباری و اقتصادی ترقی کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے جس کو زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں پائے جانے والے کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان برآمدات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں جس کیلئے حکومتی سطح پر دیگر ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تا کہ بیرونی ممالک سے لوگ پاکستان آئیں اور اس کی کاروباری صلاحیت کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امیج کو مزید موثر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے جس سے پاکستان بہتر طریقے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر سکتا ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک اب غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے تا کہ غیرملکی سرمایہ کار ان کے ملک میں دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکیں لہذا پاکستان کے سرمایہ کاروں کیلئے بھی یہ اچھا موقع ہے کہ وہ سعودی عرب میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کی کوشش کریں تا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری ایک دوسرے کے ملک میں پائے جانے والے کاروباری مواقعوں سے بہتر فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی سفارتخانے کا کمرشل سیکشن سعودی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ وہ ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک وفد سعودی عرب کیلئے تشکیل دے اور سفارتخانہ اس کے دورے کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
ا س موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ چیمبر دسمبر یا جنوری میں اپنا ایک وفد سعودی عرب لے جانا چاہتا ہے تا کہ سعودی عرب کے ساتھ باہمی تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں لہذا سعودی سفارتخانہ اس سلسلے میں تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں سی پیک سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لہذا دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مزید قریب لانے کی ضرورت ہے تا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کاروباری شراکتوں کے تمام ممکنہ مواقع تلاش کر سکیں جس سے دونوں کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔