سکھر ( نمائندہ جسارت)تنظیمات اہلسنت سکھر کے چیئرمین مشرف محمود قادری، جنرل سیکرٹری مولانا عثمان فیضی، مولانا نور احمد قاسمی، اکرم انصاری، یاسین سعیدی، شکیل احمد صدیقی، انور کمال بلوچ، محمد رضوان میمن قادری و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کی مبارک اور سہانی گھڑی آنے والے چند روز باقی رہ گئے ہیں اس کے باوجود سکھر شہر کی حالت انتہائی ابتر اور قابل افسوس ہے۔ مرکزی جلوس اور علاقائی جلوسوں و ریلیوں کے روڈ راستے سڑک اور گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جابجا گندے پانی کے جوہڑوں کی وجہ سے پیدل چلنا بھی دشوار ہے ۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پینے کے گندے پانی کی فراہمی، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، کھلے مین ہولز اور روڈ راستوں پر تعمیراتی مٹیریل حکومت انتظامیہ اور سرکاری محکموں کیلیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تنظیمات اہلسنت کے رہنماؤں نے جشن عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس اور 12 ربیع الاول کو نکالے جانیوالے علاقائی جلوسوں اور ریلیوں کی گزرگاہوں کے دن بھر کے تفصیلی دورے کے بعد شام کو تنظیمات اہلسنت کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ تنظیمات اہلسنت کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں ، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں نے بے حسی ہٹ دھرمی، نااہلی، غفلت اور لاپرواہی کی انتہا کردی ہے ، وفاقی حکومت نے 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرکے عشاقان مصطفیؐ کا مذاق اڑایا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سمیت تمام سرکاری ادارے ماہ ربیع الاول میں جشن میلاد النبی ؐ کو شان و شوکت سے منانے کے صرف دعوے اعلانات وعدے اور جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول تقدس اور احترام کا مہینہ ہے ہم احتجاج نہیں کرنا چاہتے مگر اپنے تحفظات کا اظہار کرنا ہمارا اسلامی آئینی ، قانونی اور اخلاقی حق ہے۔ رہنماؤں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ میئر سکھر، کمشنر سکھر ڈویژن، ڈپٹی کمشنر سکھر، سیپکو افسران ، محکمہ سوئی گیس کے افسران نے سرکاری اجلاسوں میں یقین دلایا تھا کہ وہ ماہ ربیع الاول میں خصوصی سہولیات فراہم کریں گے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ، صفائی ستھرائی کا اعلیٰ انتظام کیا جائیگا شہر کے مختلف علاقوں میں قائم جوہڑوں اور گندے پانی کو فوری طور پر صاف کرایا جائیگا، کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگائے جائیں گے، ٹوٹی پھوٹی نالیوں کی تعمیر و مرمت کرائی جائے گی مرکزی جلوس کی گزرگاہوں کو بہتر بنایا جائیگا ، گڑھے بند کرائے جائیں گے، غیر ہموار سڑکوں کو درست کرایا جائیگا مگر ان تمام باتوں اور اعلانات میں سے کسی ایک پر بھی آج تک کوئی عمل نہیں ہوسکا ہے جو سراسر بددیانتی ، وعدہ خلافی اور ساتھ ہی عشاقان مصطفےٰ کو مشتعل کرنے کی سازش ہے، انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول سرکار دوعالم ؐ کی ولادت مبارکہ کا مقدس اور مبارک مہینہ ہے اس مہینے کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے اس لیے ہم احترام والے مہینے میں احتجاج نہیں کرنا چاہتے مگر وفاقی حکومت صوبائی حکومت منتخب نمائندوں، بلدیاتی اداروں اور ضلع انتظامیہ کو یہ باور کرادینا چاہتے ہیں کہ ہم 12 ربیع الاول کو جشن میلاد النبی منانے کیلیے پرعزم اور پرجوش طریقے سے نکلے گے اور کسی سازش اور رکاوٹ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔