دنیامیں قتل وغارت مسلمان نہیںیہودونصاریٰ کررہے ہیں

114

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر رانانعیم اکرم، میاں عبدالستاربیگا،حاجی محمدنعیم اوردیگرذمے داران نے حکومتی ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اسرائیل کے حق میں گفتگو کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت برسرا اقتدار آئی ہے تب سے حکومتی طبقے کی جانب سے انتہائی نازک مسائل پر لاعلمی کی بنیاد پر غیر دانشمندانہ مؤقف سامنے آرہے ہیں۔ اسرائیل صہیونی ریاست ہے جوامریکی آشیر باد سے گزشتہ نصف صدی سے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑتوڑرہی ہے ۔قبلہ اول کااحترام تمام مسلمان دل وجان سے کرتے ہیں۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کچھ لوگ امن کے نام پر خفیہ ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیامیں قتل وغارت مسلمان نہیں بلکہ یہودونصاریٰ کررہے ہیں۔ جاپان میں ایٹمی حملوں سے لے کر عراق اور افغانستان میں پندرہ لاکھ افرادکولقمہ اجل بنادیا گیا ہے۔ فلسطین،بر ما، کشمیر،عر اق، شام اور افغانستان سمیت کئی ممالک میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹااور انہیں موت کے گھاٹ اتاراجارہاہے جبکہ اقوام متحدہ سمیت تمام امن کے علمبردارممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صہیونی قوتوں نے دنیا کاامن تہہ وبالاکرکے رکھ دیا ہے۔ مسلمان درحقیقت کفار کی سازشوں کااصل ہدف ہیں ان کامقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کواتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ عاصمہ حدید کے مؤقف نے پوری قوم کو شدید تشویش میں مبتلاکردیا ہے، حکومت اس حوالے سے وضاحت پیش کرے۔ آئین پاکستان سے انحراف کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے جو پوری دنیا میں بھائی چارے کوفروغ دینے کی بات کرتا ہے۔المیہ یہ ہے کہ دین اسلام کے خلاف سب سے زیادہ سازشیں کی جارہی ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت میں قادیانیوں کو اداروں میں اہم عہدوں پر فائزکرنا،توہین رسالت کی مجرم آسیہ مسیح کو سرکاری پروٹوکول اور اب حکومتی رکن قومی اسمبلی کی طرف سے اسرائیل کی حمایت کابیان سامنے آنا محض اتفاق نہیں بلکہ اس کے پیچھے گہری سازش ہے۔پاکستان کے عوام حکمرانوں کی اس قسم کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔