سردیوں کا آغاز ہوتے ہی گیس ناپید ہوگئی ہے،زبیر لطیف

40

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر رانانعیم اکرم، میاں عبدالستاربیگا،حاجی محمدنعیم اوردیگرذمے داران نے وطن عزیز اور پورا عالم اسلام عالمی قوتوں کی زد میں ہے۔ پاکستان کو سیکولر بنانے کی سازشیں تو مدت سے ہورہی تھیں، اب حکمران پارٹی کے ارکان اسمبلی کے بیانات ہر بندہ مومن اور محب وطن پاکستانی کے لیے باعث اذیت بن رہے ہیں۔حکمران پارٹی کی رکن قومی اسمبلی عاصمہ حدید نے تو تمام حدیں توڑ دی ہیں۔ موصوفہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے ساتھ قبلہ اول بیت المقدس پر بھی یہودیوں کا حق ثابت کرنے کی جسارت کردی ہے۔ اب تک حکومت یا حکمران پارٹی کی طرف سے اس کی کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔رہنماؤں نے کہاکہ آئی ایم ایف نے بھی اپنا شکنجہ کسنے پر حکمرانوں کو آمادہ کرلیاہے۔ مہنگائی اور پاکستانی کرنسی کی بے وقعتی نے پہلے ہی ہر شہری کا ناک میں دم کر دیاہے۔ اب بجلی اور گیس اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے فیصلے ہوچکے ہیں۔ سردیوں کا ابھی آغاز ہے اور گیس ناپید ہوچکی ہے،گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں۔ میاں زبیرلطیف نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہر دور میں اسلامی اقدار، تحفظ پاکستان اور عوامی حقوق کے لیے بے لوث جدوجہد کی ہے۔ ہم اب بھی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر اور فلسطین پر ہونے والے ناقابل بیان مظالم پر عالم عرب اور پاکستان اپنے فرائض ادا کرنے سے قاصر ہیں۔