بلوچستان ، حادثات وواقعات میں 3 افراد جاں بحق ، 4 زخمی

39

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہوگئے۔ ضلع ڈیرہ بگٹی میں گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث چار افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق واقعہ ٹلی مٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک گاڑی زمین میں نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دھماکے کے نتیجے میں گاڑی بری طرح تباہ اور اس میں سوار چار افراد لیاقت علی، لال محمد، فیض اللہ اور شاہ زیب زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے بعد لیویز اور ایف سی نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ ضلع پنجگور میں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ پاک ایران سرحدی علاقے پروم میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دو حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص علی بخش ولد محمد یوسف جس کا تعلق آواران سے بتایا جاتا ہے، جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی لیویز موقع پر پہنچی اور لاش اسپتال منتقل کی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔ لیویز کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ سمیت واقعے کے دیگر پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔ ضلع چاغی میں ڈمپر گرنے کے باعث سیندک پروجیکٹ کے دو ملازمین جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق واقعہ صبح نو بجے پیش آیا، جہاں سیندک پروجیکٹ کے مائننگ ایریا میں کام کے دوران ڈمپر اچانک گرگیا جس کے نتیجے میں نجی کمپنی کے دو ملازمین رشید خان اور محمد علی شدید زخمی ہوگئے، انہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ جاں بحق ہونے والے ملازمین کا تعلق مستونگ اور نوشکی سے تھا، لاشیں اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔