عالمی طاغوت کے اشارو ں پر ملعونہ آسیہ کو ریلیف دیا جارہا ہے، طارق سلیم

64

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ ناموس رسالتﷺ قوانین پر حملہ قوم کسی صورت برداشت نہیں کرے گی، عالمی طاغوت کے اشارو ں پر ملعونہ آسیہ کو ریلیف دیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمت آباد میں حرمت رسولﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع راجا محمد جواد، مرکزی رہنما شمس الرحمن سواتی، امیر سٹی سید عارف شیرازی، سید امجد حسین شاہ، محمد تاج عباسی اور سردار تفہیم اعظم ودیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ مہنگائی سمیت امن وامان کی بدترین صورتحال ہے، سوئی گیس کے علاوہ موسم سرما کے باوجود بجلی کے طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، امن وامان کی صورت کا یہ عالم ہے کہ جڑواں شہروں میں مذہبی شخصیت مولانا سمیع الحق کو شہید اور ایس پی اسلام آباد کو اغوا کر کے افغانستان لے جا کر شہید کردیا جاتا ہے لیکن قاتلوں کا سراغ ملتا ہے اور نہ ہی اغوا کاروں کی نشاندہی ہوتی ہے۔ حکومت کے پاس ملک کو چلانے کا کوئی معاشی پلان موجود نہیں ہے، جس کے باعث ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار عدم تحفظ کا شکار ہو کر سرمایہ دیگر ممالک میں منتقل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو کسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں، حکمرانی کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے لیکن وزرا کے غیر ذمے دارانہ رویے اور بیانات کے باعث وہ اپنی ہی حکومت کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں، پارلیمنٹ اور ایوانوں کا تقدس مجروح کیا جاتا ہے، حکمران پارٹی کے رہنما آگ بجھانے کے بجائے بڑھکانے کا باعث بن رہے ہیں۔