عالمی طاغوت کے اشارو ں پر ملعونہ آسیہ کو ریلیف دیا جارہا ہے

62

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر رانانعیم اکرم، میاں عبدالستاربیگا،حاجی محمدنعیم اور دیگرذمے داران نے ناموس رسالت ﷺ قوانین پر حملہ قوم کسی صورت برداشت نہیں کرے گی، عالمی طاغوت کے اشارو ں پر ملعونہ آسیہ کو ریلیف دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی سمیت امن وامان کی بدترین صورتحال ہے، سوئی گیس کے علاوہ موسم سرما کے باوجود بجلی کے طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، امن وامان کی صورت کا یہ عالم ہے کہ جڑواں شہروں میں مذہبی شخصیت مولانا سمیع الحق کو شہید اور ایس پی اسلام آباد کو اغوا کر کے افغانستان لے جا کر شہید کردیا جاتا ہے لیکن قاتلوں کا سراغ ملتا ہے اور نہ ہی اغوا کاروں کی نشاندہی ہوتی ہے۔ حکومت کے پاس ملک کو چلانے کا کوئی معاشی پلان موجود نہیں ہے، جس کے باعث ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار عدم تحفظ کا شکار ہو کر سرمایہ دیگر ممالک میں منتقل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو کسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں، حکمرانی کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے لیکن وزرا کے غیر ذمے دارانہ رویے اور بیانات کے باعث وہ اپنی ہی حکومت کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں، پارلیمنٹ اور ایوانوں کا تقدس مجروح کیا جاتا ہے، حکمران پارٹی کے رہنما آگ بجھانے کے بجائے بڑھکانے کا باعث بن رہے ہیں۔