چینی قونصل خانے پر خود کش حملہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے

59

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ زرعی یونیورسٹی کے ناظم فاروقِ اعظم نے چینی قونصل خانے اور لوئر اورکرزئی کے بازار کلایا میں خود کش حملوں میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں اور شہریوں کی ہلاکت پر پرزور مذمت ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن طاقتیں دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں قو م کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ چینی قونصل خانے پر خود کش حملہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے۔ پاکستانی غیور طلبہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشتگرد ملک و ملت کے مشترکہ دشمن ہیں، ہمارے ازلی دشمن سی پیک کی آگ میں جل رہے ہیں اور ملک کو دہشتگردی کے ذریعے غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ دہشتگردی کی جنگ میں پاک فوج، پولیس سمیت پوری قوم نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پالیسیوں کی وجہ سے ملک دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے۔ امریکا اپنے مفادات کے حصول کیلیے پاکستان اور افغانستان میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مضبوط کر رہاہے جبکہ ہمارا زلی دشمن بھارت مسلسل ملک کو نقصان پہنچانے کیلیے ہر محاذ پر مصروف عمل ہے۔ حکومت کو امریکا اور بھارت کے حوالے سے خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ فاروق اعظم نے چینی قونصل خانے اور لوئر اورکرزئی بازار میں دھماکوں میں شہریوں اور سیکورٹی جوانوں کی شہادت پر ان کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئیدعا کی کہ اللہ رب العزت مرحومین کے درجات بلند کرے اور پسمندگان کو صبر جمیل عطاکریں ۔