حصول تعلیم کے بغیر ترقی کرنے کا کوئی راستہ نہیں ہے،عنایت اللہ خان

44

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سابق سینئرو زیر و ممبر صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ حصول تعلیم کے بغیر ترقی کرنے کا کوئی راستہ نہیں ہے اور نہ ہم دنیا میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ دنیا میں تہذیبی غلبے کی جنگ کسی اور طریقے سے نہیں جیت سکتے ۔تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا ۔طلبہ تعلیمی سرگرمیوں پر مکمل توجہ دیں اور ملک و قوم کے ساتھ ساتھ اپنے والدین کا بھی نام روشن کریں ۔ حصول تعلیم کے راستے میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیں گے ۔ طلبہ ہماری مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہے ان کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی کریں گے ۔ ہم نے دیر بالا میں تعلیمی اداروں کا جا ل بچھا دیا ہے ۔ خیبرپختونخوا میں تعلیم کی شرح 53 فی صد ہے جبکہ ہمارے علاقے میں یہ شرح 68 فی صد پر پہنچ چکا ہے ۔ اپنے بچوں کو مقابلے میں آگے جانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔ وہ دیر بالا میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ضلع ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ ، تحصیل ناظم میر مخزن الدین ، سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے حصول علم ناگزیر ہے اور ترقی یافتہ قوموں کی تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے حصول علم کو خصوصی اہمیت اور توجہ دے کر ترقی کے منازل طے کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں میں صلاحتیں موجود ہیں ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی سے بہتر نتائج متوقع ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج کا طالب علم کل قوم کے رہنماء ہوں گے اس لیے تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانے کے لیے موجودہ حکومت شعبہ تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینا ہوگی ۔