جماعت اسلامی ہائیکورٹ کے بنچ کے قیام کیلیے وکلا کے ساتھ ہے

121

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئرعظیم رندھاوانے کہاہے کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کا قیام کا مطالبہ صرف وکلا کا نہیں بلکہ پورے فیصل آبادڈویژن کے شہریوں کی آواز ہے، درجنوں حکومتی ارکان اسمبلی کی فیصل آباد سے نمائندگی کے باوجود ہائی کورٹ کے بنچ کا قائم نہ ہونا عوامی نمائندوں کی نااہلی اور فیصل آباد کے شہریوں کے مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہے۔اگر ملتان ، بہاولپور ، راولپنڈی میں علاقائی پنچ قائم ہو سکتے ہیں تو فیصل آباد کو اس سے محروم رکھنا ناانصافی کے مترادف اور عام آدمی کو اس دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے بنیادی فلسفہ کی توہین ہے،جلد شہر کی سیاسی ،سماجی ،دینی جماعتوں،تاجر تنظیموں اور وکلا کے ساتھ مل کر مشترکہ جدجہد کا اعلان کریں گے،جماعت اسلامی ہائی کورٹ کے بنچ کے قیام کے وکلا کے شانہ بشانہ جدوجہد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں ضلعی نائب امیرمیاں انوار الحق ایڈووکیٹ کی قیادت میں آنے والے وکلاء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ چالیس لاکھ سے زائد شہریوں کے متفقہ مطالبہ کو کوئی اہمیت ہی نہیں دی جا رہی ہے۔ روزانہ سیکڑوں شہریوں اور وکلاء کواپنے مقدمات کی پیروی کے لیے لاہور جانا پڑتا ہے جو وقت اور پیسے کا ضیاع ثابت ہو رہا ہے، اس مطالبہ کو یکسر طور پر رد کرنا انصاف کے بنیادی اصولوں کی توہین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوراملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی کی راہ میں حکمران ہی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ حکمران اگر مخلص ہوتے تو کب کا فیصل آباد میں ہائی کورٹ کا بنچ قائم ہو چکا ہوتا۔