زمین خلا سے کیسی نظر آتی ہے؟

158

کیا آپ کو نہیں لگتا ہے کہ خلابازوں کو کرہ ارض کا سب سے عمدہ مقام سے نظارہ کرنے کا موقع ملتا ہے؟ یہ ہیں چند تصاویر جو فضائی فوٹوگرافی کے ایک منصوبے ‘ڈیلی اوور وییو نے جمع کی ہیں جس میں وہ روزانہ سیٹلائٹ اور جہازوں کی مدد سے زمین کے مختلف مقامات کی خلا سے لی گئی تصاویر کو اکھٹا کرتے ہیں۔

کیا آپ نے کبھی سوچا تھا کہ ایک صحرا میں اتنے سارے جہاز ہوسکتے ہیں؟ لیکن اب آپ ایسا دیکھ سکتے ہیں۔ یہ ہے جنوبی کیلیفورنیا میں ایک ہوائی اڈہ جو کہ اب جہازوں کا قبرستان ہے جہاں 150 سے زائد طیارے موجود ہیں جنہیں ریٹائر کر دیا گیا ہے اور اب وہ قابل پرواز نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو دہائیوں میں جمبو جیٹس کی مانگ میں کمی ہونے کے باعث کئی ایسے بڑے جہازوں کو ریٹائر کر دیا گیا ہے۔

یہ ہیں ہالینڈ کے شہر لسے میں رنگ برنگے نرگس کے باغات۔ ولندیزی نرگس دنیا بھر مشہور ہیں۔ ہر سال مارچ کے مہینے میں موسم بہار کی آمد پر یہ پھول کھلنا شروع ہوتے ہیں اور اپریل تک اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ آ چکے ہوتے ہیں۔ ہالینڈ میں ہر سال 4 ارب سے زیادہ نرگس پھول اگائے جاتے ہیں۔

اس تصویر کو دیکھ کر آپ کی آنکھیں کیسا محسوس کرتی ہیں؟ یہ ننھے منے چوکور اسپین کے شہر بارسلونا کے علاقے ایکژامپل کے ہیں۔ بارسلونا کا یہ علاقہ اپنے مخصوص ڈیزائن کی وجہ سے مشہور ہے۔ اسے ڈیزائن کرنے والے الدفونس سرڈا تھے اور انہوں نے ایکژامپل کی سڑکیں اس طرح بنائی تھیں کہ وہ چوڑی ہوں، اور وہ 8 سمتوں والے کراس روڈ پر نکلیں۔ اس ڈیزائن سے شہریوں کو سورج کی روشنی درست طور پر ملے گی اور ہوا کی آمد و رفت بھی ٹھیک ہوگی اور گاڑی استعمال کرنے والے شہریوں کو پارکنگ کی جگہ بھی مل جائے گی۔
یہ شاندار تصویر گیما سولر کنسینٹریٹر کی ہے جو اسپین کے شہر سیویل میں واقع ہے۔ اس میں 2650 شیشے لگے ہوئے ہیں جو سورج کی روشنی کی مدد سے بجلی پیدا کرتے ہیں۔

یہ تصویر ہے مغربی آسٹریلیا میں واقع ماؤنٹ وہیل بیک میں موجود لوہے کی کان کی۔ دنیا بھر سے کان کنی کے ذریعے نکالے جانے والا 98 فیصد لوہا فولاد بنانے کے کام آتا ہے اور اس کا استعمال مختلف شعبوں میں ہوتا ہے جیسے عمارتوں کی تیاری، گاڑیوں کی تیاری، اور دیگر کئی اشیا۔
پیرس کی گلیاں۔ اسے 1853ء اور 1870ء کے درمیان ایک شخص جیورجس یوجین ہاؤسمان نے ڈیزائن کیا تھا اور اس کی تعمیر میں پیرس شہر کے پرانے اور غیرمحفوظ مکانات کو گرا کر وہاں چوڑی سڑکیں، پارک اور فوارے بنائے گئے تھے۔
آپ اس تصویر میں کتنے کھیت گن سکتے ہیں؟ یہ تمام کھیت برطانوی ریاست کے حصے ویلز کے علاقے پیمب روکشائر میں واقع ہیں۔
سمندر کی لہروں میں بننے والے خوبصورت نمونے دیکھیں۔ یہ منظر ہمیں آسٹریلیا کے شہر پرتھ کے ساحل پر نظر آیا جہاں کے ساحلوں کی خوبصورتی کا دنیا بھر میں چرچا ہے۔ اگر فضا سے دیکھیں تو ہمیں سمندری رو بنتے ہوئے نظر آئے گی جو پھر ساحلوں سے ٹکراتی ہے۔
سنگاپور کی بندرگاہ پر موجود یہ ہیں کارگو کشتیاں اور ٹینکرز۔ یہ دیو ہیکل جہاز فضا سے دیکھنے میں کتنی چھوٹی لگ رہی ہیں! یہ بندر گاہ دنیا کا دوسرا مصروف ترین بندرگاہ ہے اور دنیا بھر کے خام تیل کا نصف حصہ اسی بندرگاہ سے ہوتے ہوئے گزرتا ہے۔

یہ تو بہت سارے گرین ہاؤس ہیں! سپین کے علاقے المیرا میں 75 مربع میل سے زیادہ کا حصہ ان گرین ہاؤسز سے بھرا ہوا ہے۔ ان کی چھتوں کو پلاسٹک سے ڈھانپا گیا ہے اور اس ڈیزائن کا مقصد ہے کہ زیادہ سے زیادہ غذا کو کم سے کم وقت میں اگایا جائے۔ اس تصویر میں صرف 6مربع میل کا حصہ دکھایا گیا ہے۔