انگریزی ویب سائٹ “New Atlas”کے مطابق Ekster 3.0 تھرڈ جنریشن کا ایسا قابل تعاقب بٹوہ ہے جو کئی خصوصیات کا حامل ہے۔ ان میں بٹوے کے مالک کی آواز کے ذریعے کنٹرول اور اسمارٹ کارڈ میکینزم شامل ہے۔
یہ نیا بٹوہ چمڑے کا بنا ہوا ہے اور اس کی موٹائی صرف 0.38 سینٹی میٹر ہے۔ بٹوے میں 12 کارڈز رکھنے کی گنجائش ہے۔ ان میں سے 6 کارڈ تک بٹوہ کھولے بغیر ہی پہنچا جا سکتا ہے۔ بٹوے کے ایک جانب بٹن دبانے سے ٹریگر میکینزم کے ذریعے ایک پرت میں لگے یہ چھ کارڈ بٹوے سے باہر آ جائیں گے۔
بٹوے کے اندر ایک ٹریکنگ کارڈ بھی نصب کیا گیا ہے جو GPS نظام کے تحت کام کرتا ہے۔ اس کی موٹائی چوتھائی سینٹی میٹر سے زیادہ نہیں ہے۔ یہ کارڈ شمسی توانائی کے ذریعے کام کرتا ہے۔ کارڈ کے ٹریکر کو سورج کی روشنی میں 3 گھنٹے میں چارج کیا جا سکتا ہے جس کے بعد یہ دو ماہ تک قابل استعمال رہے گا۔ ٹریکر کے ذریعے پوری دنیا میں اس بٹوے کا تعاقب کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں آپ 60 میٹر کے فاصلے تک بلوٹوتھ کے ذریعے اپنے اسمارٹ فون اور اس بٹوے کے درمیان رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ پہنچ سے باہر جانے کی صورت میں بٹوے کے اندر سے انتباہی بیپ بھی سنائی دے گی۔
تھرڈ جنریشن والٹ Ekster کو گوگل اور ایلگزا کی سپورٹ بھی حاصل ہو گی۔ مثلا اگر آپ تیزی سے اپنے گھر سے نکل آئے اور باہر رش میں آپ کو اچانک احساس ہوا کہ آپ اپنے بٹوے تک نہیں پہنچ سکتے تو ایسی صورت میں آپ اسمارٹ فون کے ذریعے اپنے گھر میں گوگل یا ایلگزا کی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ ان دونوں میں سے کسی کے ذریعے بھی Chipolo کو یہ پیغام پہنچا سکتے ہیں کہ وہ آپ کے بٹوے کی انتباہی گھنٹی بجا دے۔ اس کے بعد آپ اطمینان کے ساتھ اپنے بقیہ امور انجام دے سکتے ہیں۔