پاکستان کی اساس ریاست مدینہ کے تصور پر قائم ہے

104

سکھر( نمائندہ جسارت) میلاد مصطفی کمیٹی سکھرکے جنرل سیکرٹری شکیل احمد صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اساس ریاست مدینہ کے تصور پر قائم ہے ، بانیان پاکستان نے یہ ملک اسلام اور کلمے کے نام پر حاصل کیا ، اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ریاست کو مسلمانوں کیلیے پر امن خوشحال ، آزاد خودمختار دین اسلام کے نظام معاشرت و معیشت کے طور پر پروان چڑھانا تھا اور قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کیلیے مملکت خداد اد پاکستان میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علیؒ جناح اور مفکر پاکستان علامہ اقبالؒ کے افکار و نظریات کے مطابق نظام مصطفی نافذ کرکے ریاست مدینہ کے مطابق قرآن و سنت کے مکمل قوانین رائج کرنا تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے’’ عظمت میلاد مصطفی سیمینار ‘‘سے مقامی ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عظمت میلاد مصطفی سیمینار کی صدارت میلاد مصطفی کمیٹی کے صدر حاجی محمد یاسین سعیدی نے کی۔ میلاد مصطفی کمیٹی کی علما کونسل کے رکن علامہ محمد رضوان خان قادری نے کہا کہ ربیع الاول کا مبارک و مسعود مہینہ سید عالم نور مجسم ؐ کی ولادت باسعادت کا پرنور مہینہ ہے جشن میلاد النبی شان و شوکت اور عقیدت و احترام سے مناکر غلامان مصطفی اپنی عقیدتوں، محبتوں کا بھرپوراظہار کیا ۔ عظمت میلاد مصطفی کا تقاضا ہے کہ ہم اس عظیم دن کی اہمیت ، تقدس و احترام اور فضیلت کے ساتھ ساتھ اپنے عمل و کردار سے میلاد النبی کے دن اسکی حرمت اور وعظمت کو برقرار رکھیں۔ عظمت میلاد مصطفی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میلاد مصطفی کمیٹی کے جوائنٹ سیکرٹری عمران الحق مغل، آغا تابش خان، محمد عارف قادری، محمد علی شیخ، زاہد حسین، صابر علی، انعام الٰہی شمسی، محمد فرحان غوری، عبدالرشید اجمیری، عبدالواحد حمزہ اور سلمان صدیقی و دیگر نے کہا کہ اس سال سکھر میں ڈویژنل ، ڈسٹرکٹ، بلدیہ اعلیٰ سکھر، ڈی آئی جی پولیس سکھر، ایس ایس پی سکھر، رینجرز اور دیگر سرکاری محکموں نے جشن میلاد النبی ؐ کے موقع پر بہتر انتظامات اور سیکورٹی کے اچھے اقدامات کرکے اعلیٰ مثال قائم کی جس پر ہم تمام متعلقہ اداروں کی عمدہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ آئندہ بھی اچھے سے اچھے انتظامات کیے جائیں گے۔