حکومت ٹرانسپورٹروں سے بھتا وصولی کا فوری نوٹس لے،رانا عدنان خان

61

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں فیصل آباد اور دیگر اضلاع میں ناقص امن وامان کی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے چھوٹے ٹرانسپوٹرز سے بھتا لیناتشویش ناک اور لمحہ فکر ہے۔ ضلع فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھتا کے نام پر چھوٹے ٹرانسپورٹروں کو تنگ کرنا قابل مذمت ہے۔ ایسے جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی ہر دور کی سیاسی قیادتیں اور پولیس میں موجود کالی بھڑیں کرتی رہی ہیں۔ حکومت ٹرانسپورٹروں سے بھتا وصولی کا فوری نوٹس لے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس کی روک تھام کے لیے کسی قسم کے ٹھوس اقدامات نہیں کیے جارہے، جس کے باعث عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔رہنماؤں نے کہاکہ آئے روز لاکھوں روپوں کے ڈاکے، چوریاں اور قتل وغارت گری کی خبریں شہ سرخیوں کی صورت میں اخبارات میں آتی رہتی ہیں مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے، سیکورٹی ایجنسیاں اور پولیس صوبے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کو روکنے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں جوکہ حکمرانوں کی گڈ گورننس پر سوالیہ نشان ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبائی حکومت جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔ تھانے جرائم پیشہ عناصر کی آماہ جگاہ بن چکے ہیں۔ پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ رشوت خوری کے باعث اصل حق دار کو انصاف ملنا تو درکنار شنوائی تک نہیں ہوتی۔ صوبے بھر کے عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت امن وامان کو یقینی بنائے۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں، جب تک تھانہ کلچر میں اصلاحات نہیں لائی جاتیں فرسودہ نظام کا خاتمہ ممکن نہیں۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت کی اولین ذمے داری ہے مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے اقدامات نہیں کیے جارہے۔