حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سیاحت کی صنعت کو ترقی دے ۔ احمد حسن مغل
اسلام آباد ( ) پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سید محمد عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں کلچر و سیاحت کو فروغ دے کر کاروباری و اقتصادی سرگرمیوں کو بہترترقی دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے اور پی ٹی آئی حکوت معیشت کی جلد بحالی کیلئے کلچر و سیاحت کے فروغ پر بہتر توجہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال مختلف مذہبی و ثقافتی تہوار منائے جاتے ہیں جن کو ورلڈ کیلنڈر میں رجسٹر کرا کر انٹرنیشنل سیاحوں کی بہتر توجہ حاصل کی جاسکتی ہے اور ان تہواروں کو کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کا ایک موثر ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے صدر احمد حسن مغل سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کے سابق صدر شیخ عامر وحید، سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، شیخ محمد الیاس، محمد حسین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سید محمد عباس جعفری نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد کلچر و سیاحت کے شعبے صوبوں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں جبکہ اس وقت تین صوبوں میں پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ بھی اس شعبے میں قریبی تعاون بڑھا کر پورے ملک میں کلچر و سیاحت کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے جس سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی اور معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی و سیاحی سرگرمیوں کے فروغ سے قوم میں بہتر ہم آہنگی و یکجہتی پیدا ہو گی اور قومی بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات تیار کرنے والا ملک ہے اور حکومت کوشش کرے گی انٹرنیشنل برانڈز کے ساتھ اشتراک سے مقامی ٹیکسٹائل ڈیزائنرز کی ہنرمندی و مہارت کو مزید بہتر کیا جائے تا کہ ہماری ٹیکسٹائل برآمدات بہتر فروغ پا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فیشن ڈئزائننگ کے شعبے میں بھی مزید بہتر ترقی کر سکتا ہے اور حکومت اس شعبے کی ترقی کیلئے بھی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کلچر و سیاحت سمیت دیگر شعبوں کی بہتر ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ معاونت کرے تا کہ ان شعبوں کو مضبوط بنا کر معیشت و عوام کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کئے جائیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پاکستان کلچر و سیاحت کو بہتر فروغ دے کر سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے کیونکہ دنیا کے بعض خوبصورت ترین سیاحی مقامات پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب سیکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہو گئی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سیاحی مقامات کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے اور سڑکوں کی حالت بہتر کرے جس سے مقامی و غیر ملکی سیاح زیادہ تعداد میں پاکستان کے سیاحی مقامات کا دورہ کریں گے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور معیشت بہتر ہو گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سیاحی مقامات کو جدیدخطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے اور اس مقصد کیلئے نجی شعبے کو مراعات فراہم کرے جس سے سیاحت کی صنعت تیزی سے ترقی کرے گی اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ معیشت مضبوط ہو گی۔