چیف جسٹس کا آبادی کنٹرول مہم چلانے کااعلان اللہ کے نظام کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے

88

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113کے راناطٰہ خاں،جنر ل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانورنے اپنے مشترکہ بیان میں عدالت عظمیٰ کے سربراہ جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے بچے دو ہی اچھے کے نعرے کے تحت اب آبادی کنٹرول مہم چلانے والے اعلان کو اللہ کے نظام کو چیلنج کرنے کے مترادف قراردیتے ہوئے کہاکہ چیف جسٹس توبہ استغفار اور سب سے پھلے اپنی اصل ذمے داری عدالتی نظام سے کرپشن کا خاتمہ اوراٹھارہ لاکھ سے زائد زیرالتوامقدمات کی شنوائی کرکے بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔راناطٰہ خاں نے کہاکہ دنیا میں امن وچین کا فقدان اوربھوک وافلاس سمیت دیگرمسائل کی اصل وجہ دین سے دوری ہے، الحمدللہ پاکستان تیل ، گیس ،پیٹرول اور زراعت سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہے اگرکوئی کمی ہے تو وہ صرف اہل دیانتدار اورخوف خدا رکھنے والی قیادت ہے،قیام پاکستان سے لے کر اب تک عوام ایسی قیادت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے قرآن مجید میں فرمایا ہے کہ اپنی اولاد کو بھوک کی وجہ سے قتل نہ کرو،تمہیں بھی اور انہیں بھی ہم رزق دیتے ہیں۔انہوں نے کہاقوم منتظر ہے کہ اس سسٹم کی بہتری اورلاکھوں کی تعداد میں زیرالتوا مقدمات کی دادرسی کرکے کب مظلومین کو انصاف فراہم ہوگا کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ موجودہ عدالتی نظام میں دادا کی جانب سے داخل کیے گئے مقدمہ کا فیصلہ پوتے کو سنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سودی نظام معیشت، کرپشن،فحاشی وعریانی کا سیلاب اورمفادپرست قیادت کی وجہ سے آج پاکستان عذاب الٰہی کی زد اوربے شمار مسائل کا شکار ہے،جس سے نجات کا واحد ذریعہ ملک میں قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ ہے۔