تبدیلی کے نام پر پر پاکستانی قوم کے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے، امیر العظیم

92

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ منفی سیاست ملک وقوم کے لیے نقصان دہ ہے۔ ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کو ختم کرکے اعتماد کی فضا کو سازگار بنایا جائے۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر ہر شخص پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے بجائے اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنا چاہتا ہے۔ 70 برسوں سے کبھی تبدیلی کے نام پر اور کبھی سہانے خواب دکھا کر پاکستانی قوم کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے۔ حقیقی تبدیلی کے لیے نظام کی تبدیلی بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام مسائل کا حل دین اسلام کے اندر پنہاں ہے۔ اسلامی قوانین پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم معاشرے میں موجود خرابیوں کا خاتمہ اور ملک وقوم کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ عرب کے اندر بھی ایک معاشرہ تھا جو ہر قسم کی برائیوں سے بھرا ہوا تھا لیکن دین اسلام کے آنے کے بعد وہی معاشرہ امن کا گہوارا بن گیا۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس جیسامعاشرہ پھر وجود میں نہیں آیا۔ شرپسند عناصر اور سیکولر ذہن رکھنے والے لوگ دینی جماعتوں اور دین اسلام کو مسخ کرکے پیش کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔ عالمی قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان سمیت دنیا میں اسلام کا بول بالا ہو اس لیے آئے روز اسلام پسندوں اور دین اسلام کو بدنام کرنے کی ناکام کوششیں کرتی رہتی ہیں۔