کرتار پورکی طرح کھوکھرا پار موناباؤ بارڈر بھی کھولا جائے ,شرف الزماں 

281

وزیر اعظم عمران خان ڈھائی لاکھ محصورین جو سند یافتہ پاکستانی ہیں ان کے لیے کب پاکستان کے دروازے کھولیں گے

کراچی: صدائے محصورین فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئر مین شرف الزماں نے کہا ہے کہ کرتار پور کوریڈور کی طرح کھوکھرا پار موناباؤ بارڈر بھی کھولا جائے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کرتار پور سرحد کھول سکتے ہیں تو بنگلہ دیش میں ڈھائی لاکھ محصورین جو سند یافتہ پاکستانی ہیں ان کے لیے کب پاکستان کے دروازے کھولیں گے

شرف الزماں نے کہاکہ کرتار پور بارڈر کھولنا دونوں ممالک کی عوام کے لیے یقیناً ایک خوش آئند اقدام ہے انہوں نے کہاکہ جب برسوں پرانے بند کرتار پور کوریڈور کھولا جا سکتا ہے تو اسی طرح نصف صدی سے بنگلہ دیش کے کیمپوں میں محصور پاکستانیوں کے لئے بھی آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں جو کہ برسوں سے پاکستان آنے کے منتظر ہیں شرف الزماں نے کہاکہ آپ کی حکومت کی ایک مرکزی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں یہی بیان دیا تھا

بنگلہ دیش کے کی کیمپوں میں محصور پاکستانی کل بھی پاکستانی تھے اورآج بھی پاکستانی ہیں انہوں نے کہاکہ زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کو پاکستان میں باعزت واپس لاکر پاکستان اور پاکستانیوں پر احسان کریں شرف الزماں نے کہاکہمحصورین کے مسئلہ کو حل کرنے کے بعدوزیر اعظم عمران خان بنگالیوں، افغانیوں کوشناختی کارڈ جاری کریں یا نہ کریں لیکن پہلا حق پاکستان میں بسنے والے پاکستانی بہاریوں کا ہے انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کو پاکستانی سفارتخانہ ویزہ تک نہیں دیتا بنگلہ دیش میں پاکستانی سفارت خانہ کو پابند کیا جائے کہ وہ اردو بولنے والے محصورین کوپاکستان کا ویزہ جاری کرنے کے لئے سہولیات فراہم کریں تا کہ وہ پاکستان آسکیں آپ جس طرح کرتار پور کی تاریخ میں اپنا نام روشن کر چکے ہیں اسی طر ح محصورین پاکستان کو جلد از جلد وطن عزیز میں لا کرتاریخ رقم کریں شرف الزماں نے کہاکہ آپ قائدِ اعظم محمد علی جناح کے بعد پہلے پاکستانی رہنما ہیں جوکہ نیا پاکستان بنا رہے ہیں اور جس طرح 1947 ؁ء میں انڈیا سے ہجرت کر کے عوام پاکستان آئے تھے ایسی طرح بنگلہ دیش میں پھنسے ہوئے پاکستانی وطن واپس آسکتے ہیں