سو دن کے حکومتی اقدامات یوٹرن اورعوامی مسائل میں اضافہ ہیں

40

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ وزارت عظمیٰ جیسے اہم منصب کا تقاضا ہے کہ مکمل ہوم ورک کے بعد قومی سطح کی بات کی جائے مضحکہ خیز سطحی بیانات سے جہاں عالمی سطح پرپاکستان کے وقارکونقصان پہنچ رہا ہے وہیں ملک کے اندرعوام سمیت سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مجروع ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی ذمے داران کے اہم اجلاس اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی ضلعی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصوبائی جنرل سیکرٹری اقبال خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان آکاش،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدراویس اسلم مرزا بھی شریک تھے ۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ قوم نے موجودہ حکمرانوں کوتبدیلی اورمسائل سے نجات کے لیے ووٹ دیا لیکن پہلے 100 دن کی کارکردگی نے 22کرو ڑ عوام کومسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہر گزرنے والا دن مسائل میں پسے ہوئے مظلوم طبقات کی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے، حکومتی اقدامات یوٹرن اورعوام کے مسائل میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں ۔ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے ڈالرکی قیمت میں اضافے نے ثابت کردیا کہ موجود ہ حکومت کے پاس معاشی حوالے سے کوئی پلان نہیں، محض قرضوں اوربھیک سے ملک اور یاستیں اپنے پاؤں پرنہیں کھڑی ہوسکتیں۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ نبی مہربانﷺکے احکامات کوعملی زندگی اور اسلام کے نام پر وجود میں آنے والی ریاست میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے، مدینہ جیسی اسلامی ریاست کے دعووں کو عملی تعبیر دی جائے اور سودی معیشت کا خاتمہ کرکے اسلامی نظام معیشت کو فروغ دیا جائے۔