امریکی ڈالر کا 142 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانا حکومتی کارکردگی کی نفی ہے

36

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے چودھری سلیم گجر،جنرل سیکرٹری محمدعثمان انور اورنائب امیر یوسف گل پراچہ و دیگر نے روپے کی بے قدری، امریکی ڈالر مہنگا اور شرح سود میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ڈالر کا 142 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانا حکومتی کارکردگی کے دعووں کی نفی ہے۔ جس سے بیرونی قرضوں میں نہ صرف اضافہ بلکہ مہنگائی کا نیا طوفان بھی آئے گا، عوام پہلے ہی بیروزگاری، مہنگائی اور محرومیوں سے تنگ آچکے ہیں ان کی مشکلات میں مزیداضافہ ہوگا۔ سودی معیشت فرسودہ نظام سے نجات اور ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کے بغیر ترقی اور مسائل حل نہیں ہو سکتے،قرآن کا فرمان ہے کہ جب نظام مصطفیٰ ﷺ سے روگردانی کی جائے گی تواس کے نتیجے میں اس کے نتیجے میں معیشت مستحکم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کی حالت زار پر رحم اور قومی مفاد کے بجائے آئی ایم ایف سمیت عالمی مالیاتی اداروں کے فرمائشی پروگرام پر عمل کر کے عوام کو زندہ زمین میں درگور کرنا چاہتی ہے۔ گیس، پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب ڈالر کی اونچی اڑان بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین سے دوری کی وجہ سے مہنگائی، بیروزگاری سمیت معیشت کی تباہی کی شکل میں ہم پر اللہ کا عذاب نازل ہورہا ہے۔ نجات کا واحد راستہ یوٹرن کے بجائے صراط مستقیم پر عمل کرناہے۔ اسی میں ہی پوری انسانیت کی دنیا و آخرت کی سرخروئی مضمرہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے اور مدینہ کی مثالی ریاست کے قیام کیلیے عملی اقدامات کی طرف پیش رفت کرے۔