قبل ازوقت انتخابات کا عندیہ حکومت کی نااہلی کا اعتراف ہے،امیرالعظیم

30

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا قبل ازوقت انتخابات کی بات کرناپی ٹی آئی کی حکومت کی نااہلی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ دن پردن بڑھتے ہوئے ملکی مسائل کودیکھ کر موجودہ حکمرانوں کے اوسان خطا ہوگئے ہیں اوران کے لیے حکومت چلانا دشوار دکھائی دیتاہے۔پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس مسائل کے حل کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے،ان سے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کی توقع بے سود ہے۔دن بدن معاشی صورتحال انتہائی گمبھیر ہوتی چلی جارہی ہے۔اسٹاک مارکیٹ میں1335پوائنٹ کی شدید مندی سے چھوٹے سرمایہ کاروں کے242ارب ڈوب گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ امریکا کے ساتھ تعاون کاماضی میں تلخ تجربہ رہاہے۔وہ صرف اور صرف اپنے مفادات کو ترجیح دیتاہے۔ایک طرف امریکی صدر پاکستان کو دھمکیاں دیتے ہیں اور دوسری طرف طالبان کے ساتھ مذاکرات کی خاطر بھیک بھی مانگتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکا کی نام نہاد جنگ میں پاکستان نے75ہزار افرادکی قربانی دی ہے اورملکی معیشت کو سواسوارب ڈالر کابھاری نقصان ہوچکا ہے مگر اس کے باوجود پاکستان اور اس کے عوام کی قربانیوں کااعتراف کرنے کے بجائے امریکی حکام کی جانب سے پاکستان کودھمکیاں دی جاتی ہیں۔ امریکا کبھی ہمارادوست نہیں رہا،اس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کونقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکا نے پاکستان کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو دس سالوں سے ناکردہ گناہوں کی پاداش میں عقوبت خانوں میں ڈال رکھاہے۔امریکا ریمنڈڈیوس اور اس جیسے دوسرے نیٹ ورک قائم کرکے پاکستان کے اندرونی حالات کوخراب کررہا ہے۔اب وقت آگیاہے کہ امریکی غلامی کاطوق گلے سے اتاراجائے اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جو صرف اور صرف ملک وقوم کے مفادات کی ترجمان ہوں۔انہوں نے کہاکہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان پر دباؤکے ذریعے اپنی بات منوانے کی کوشش کی ہے۔وہ افغانستان میں گزشتہ17سالوں سے اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھارہاہے مگر کامیاب نہیں ہوسکا۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ امریکا کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی اپیل درحقیقت اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔افغان مسئلے کے حل کے لیے وزیر اعظم عمران خان پارلیمنٹ اورقوم کو اعتماد لیں۔