تمباکو پر ٹیکس میں اضافے سے اس کے استعمال کی کمی میں مدد ملے گی

74

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے صدر پروفیسر محمد افضل میاں نے تمباکو پر ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کے نتیجے میں تمباکو کے استعمال کی کمی میں مدد ملے گی اور صحت عامہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، کیونکہ تمباکو بہت سی بیماریوں اور اموات کی بنیادی وجہ ہے، جس سے بچاؤ ممکن ہے۔ حکومت ہیلتھ پر خرچ ہونے والے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے اس ٹیکس سے حاصل شدہ آمدنی کو صحت عامہ پر خرچ کرنے کے عملی اقدامات کا اہتمام کرے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک میں اس ٹیکس کے نفاذ کی مثالیں موجود ہیں جہاں اس کے استعمال میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، ہم ڈاکٹرز نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے حکومت کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں، یہ ایک مؤثر عمل ہے جس کے ذریعے پاکستان میں تمباکونوشی کی مسلسل بڑھتی ہوئی شرح میں کمی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تمباکو نوشی کے حوالے سے قانون سازی پر بھی سختی سے عمل درآمد کے لیے بھی سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے، پبلک مقامات پر تمباکونوشی کے استعمال اور تعلیمی اداروں و صحت عامہ کے مراکز و اسپتالوں اور اطراف میں اس کو بیچنے پر پابندی عاید ہے، ان قوانین پر عمل در آمد کے لیے حکمت عملی مرتب کی جانی چاہیے۔ پیما صدر کے مطابق چبھانے والا تمباکو اور گٹکا بھی منہ کی بیماریوں اور پھیپھڑوں کے کینسر کی بڑی وجوہات ہیں جن سے پاکستان میں سالانہ ایک لاکھ اموات ہو رہی ہیں، ان اموات سے بچاؤ ممکن ہے، حکومت چبھانے والے تمباکو پر بھی ٹیکس میں اضافہ کرے اور گٹکے کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔
صوابی ‘ مختلف حادثات و واقعات میں 4 افراد جاں بحق ‘ مقدمات درج
صوابی(آئی این پی) ضلع صوابی میں مختلف واقعات میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق موضع باجا میں گھریلو تنازع پر واصل خان پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا گیا۔ جو بعد ازاں مردان اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا، پولیس نے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثنا موضع یار حسین میں مسجد کے امام کی تقرری کے تنازع پر فائرنگ سے نعیم اللہ جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کے بھائی فضل اللہ نے قتل کی دعویداری مبینہ طور پر حبیب اللہ پر کی ہے یار حسین پولیس نے مبینہ ملز م کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا علاقہ تھانہ کالو خان کی حدود میں ڈمپر اور موٹر سائیکل کے مابین تصادم کے نتیجے میں موضع گلو ڈھیری اور صوابی کے دو افراد جاں بحق ہو گئے ۔