چودہ دسمبر کو ہونے والی حرمت رسولﷺ کانفرنس کی تیاریاں زوروشورجاری

51

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاں عبدالستار بیگا، چودھری نویداسلم، میاں زبیر لطیف ،رانانعیم اکرم ، حاجی محمدحنیف اوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 14دسمبرکو ضلع کونسل چوک میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام ہونے والی حرمت رسول ﷺ کانفرنس نظام مصطفی کے نفاذمیں اہم کرداراداکرے گی۔پی پی114سے کارکنان اورعوام کی کثیر تعداد حرمت رسول کانفرنس میں شرکت کرے گی۔ میاں عبدالستاربیگانے کہاکہ رسول ﷺ انسانی عظمت و فلاح کے سب سے بڑے نقیب تھے اور ان کے لائے ہوئے نظام میں آج بھی دنیا بھر کے مسائل اور مشکلات کا حل موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت اور ان کی سیرت پوری امت کے لیے مشعل راہ اور دنیا میں بسنے والا ہر کلمہ گو اپنے نبی کی حر مت پر مر مٹنے کو تیار ہے افسوس کہ آج اغیار کی سازشوں اور اپنوں کی نا عاقبت اندیشیوں نے امت کو تقسیم کر دیا ہے لہٰذا امت کی نجات کا واحد راستہ سنت محمدی ﷺ کی پیروی اور محبوب خداﷺ کی کامل اطاعت میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺنے مذہبی، تمدنی،ملکی، سیاسی، مالی و فوجداری قوانین کا ہمہ پہلو فارمولہ ایسے نازک وقت میں دنیا کے سامنے پیش کیا جب کہ ہر طرف تاریکی و جہالت کی حکمرانی تھی پھر تاریخ عالم اس بات کی گواہ ہے کہ ہر شعبہ زندگی میں اللہ کی بندگی کا یہ پیغام ایک جاہلانہ معاشرے کے لیے فلاح و امن کا پیغام بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کے حصول کا ایک ہی طریقہ ہے کہ مصطفی ﷺ کو رہنما بنا کر آپﷺ کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور بھٹکتی ہوئی انسانیت کو پیارے نبی ﷺ کے لائے ہوئے صراط مستقیم سے روشناس کرایا جائے ۔ مدینہ منورہ جیسی اسلامی و فلاحی ریاست ہی حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے حکمران عوام سے کیاگیا وعدہ پورا کریں اور پاکستان میں نبی آخرالزماں ﷺکا لایا ہوا نظام نافذ کریں۔