موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس اوربجلی کی بندش شروع ہوگئی،امیرالعظیم

57

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں گیس اوربجلی کی بندش کاسلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گیس بحران بھی شدت اختیار کرتاجارہاہے۔گیس کی بندش اورپریشرکم ہونے کی وجہ سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوناشروع گئے ہیں اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوچاہیے کہ وہ سردی کے مزید بڑھنے سے پہلے گیس کے مسئلے پر خصوصی توجہ دے تاکہ لوگ سردی کے موسم میں مزیدپریشانی سے بچ سکیں۔ عوامی مسائل پربھرپور توجہ دینا اور ان کوجلدازجلدحل کرناحکومت وقت کی ذمے داری ہے۔اگر عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی نہیں آئے گی توجمہوریت کے ثمرات بے سود ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں حالیہ مہنگائی کی لہر نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ 20کروڑ عوام مہنگائی کی چکی میں پستے جارہے ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت گھمبیر مسائل کی زد میں ہے۔ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوتے نظر آرہے ہیں ۔پاکستان معاشی و سیاسی عدم استحکام باعث دن بدن کمزور ہورہا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کا ہر دن قوم پر بھاری ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے انتخابات سے پہلے کیے گئے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہورہے ہیں ۔تین ماہ کی حکومتی کارکردگی نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔ایسا لگتاہے کہ گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکمرانوں کے پاس بھی سبز باغ دکھانے کے سوا عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کسی قسم کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ امیر العظیم نے مزید کہاکہ ڈنگ پٹاؤپالیسیوں کی وجہ سے ملک دوسرے ممالک سے ترقی کی دوڑ میں مقابلہ کرنے کی بجائے مزید پیچھے کی طرف جارہاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ملکی مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دے اور ان کے حل کے لیے سوچ وبچار کرے۔
ہری پور‘مسافر کوچ اورسوزوکی کیری میں تصادم ‘2 افراد جاں بحق ‘2 زخمی
ہری پور (آئی این پی)جی روڈ ڈینگی ٹیوب ویل کے قریب مسافر کوچ اور سوزوکی کیری میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق دو شدید زخمی ہوگئے، طبی امدا د کے لیے اسپتال منتقل لاشیں پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے بعد تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کر دی گئیں ۔ گزشتہ روز جی ٹی روڈ ٹیوب ویل کے مقام پر تیز رفتار مسافر کوچ اورسوزوکی کیری میں تصادم کے نتیجے میں سوزوکی کیری میں سوار اسد اور عباس موقع پر جاں بحق ہو گے جبکہ دو افراد رشید اور لیاقت شدید زخمی ہو گئے، امدادی اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور اسپتال منتقل کیا جہاں پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں افراد کی لاشیں تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کر دیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔