تھر میں بچوں کی اموات غربت کی واضح مثال ہے، حسین محنتی

125

مٹھی(نامہ نگار)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت تھر میں نو مولود بچوں کی کی اموات ، غربت وافلاس کے خاتمے ،روزگار کی فراہمی، بچوں کی تعلیم وتربیت اور مٹھی ہیڈکواٹر سمیت تحصیل اسپتال اور رورل ہیلتھ سینٹر میں بھی صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھی اسپتال کے دورے، پریس کانفرنس اور تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر میر محمد بلیدی سمیت دیگر مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ دنیا میں پاکستان جیسا کوئی ملک نہیں، پیٹرول،تیل،گیس وکوئلہ سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود عوام صحت، تعلیم،پانی جیسے بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، جس کی اصل وجہ مخلص قیادت کا فقدان ہے، تھر میں نومولود بچوں کی اموات وغربت اور افلاس اس کی واضح مثال ہیں، مہنگائی سمیت بڑھتے ہوئے عوامی مسائل کی وجہ سے حکومت سے بھی عوام مایوس ہوتے جارہے ہیں، مسائل سے نجات کا واحد حل دیانتدار قیادت اور شریعت کا نظام ہے۔ دریں اثنا مٹھی میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت کا بنیادی مقصد اللہ کے دین اور انسانیت کی خدمت ہے، قرآن ایک ایسا پیغام ہے جو انسان کے دل میں ہلچل مچادیتا ہے، دنیا کی نہیں اللہ ورسولؐ کی محبت ہونی چاہیے، بال بچے، دنیا کا کاروبار ضرور ہونا چاہیے مگر زندگی مقصد نہیں۔ اصل مقصد اقامت دین ،اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہے جو دیگر عبادات کی طرح ہم پر فرض ہے، انصاف تب ملے گا جب قرآن کا نظام ہوگا۔