پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانے کیلئے چیمبر بھرپور تعاون کرے گا۔ احمد حسن مغل
محترمہ فرزانہ الطاف شاہ نے کہا مقامی صنعتوں کو چاہیے کہ وہ آئی ایس او سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر توجہ دیں جس سے ان کو پائیدار ترقی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اس وقت کوئی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ موجود نہیں ہے جس سے صنعتوں کا پانی ضائع جا رہا ہے اورآنے والی نسلوں کو مشکلات کا سامنا ہو گا لہذاانہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی صنعتیں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی کوشش کریں تا کہ پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتیں ٹھوس ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ لگانے کی بھی کوشش کریں تاکہ ماحول کو اس کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا ادارہ ماحول دوستانہ پیداواری سرگرمیوں کے فروغ دینے کیلئے مقامی صنعتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور تکنیکی معاملات میں مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔
محترمہ فرزانہ الطاف شاہ نے کہا کہ ماحول کو صاف رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا صنعتی شعبے کیلئے ضروری ہے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کر کے ہی وہ پائیدار ترقی حاصل کر سکتی ہیں اور چین کے ہم منصبوں کے ساتھ بہتر مقابلہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے آلودگی پر قابو پانے کی مقامی سٹیل انڈسٹری کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ دیگر صنعتوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری مقامی صنعتوں کے تعاون سے اسلام آباد میں پہلا گرین انڈسٹریل زون قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تا کہ اس کو رول ماڈل بنا کر ملک کے دیگر صنعتوں علاقوں میں اپنایا جا سکے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے مقامی سٹیل انڈسٹری کی پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانے کیلئے ضروری تعاون فراہم کرنے پر محترمہ فرزانہ الطاب شاہ اور ان کے ادارے کے تعاون کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانا صنعتوں کے اپنے مفاد میں ہے لہذا انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی دیگر صنعتوں کے ساتھ بھی تعاون کرے تا کہ وہ مرحلہ وار انداز میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر اپنی سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنا سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ای پی اے کے ساتھ مل کر صنعتی شعبے کی پیداواری سرگرمیوں کو آلودگی سے پاک بنانے کیلئے کوشش کرے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے صنعتی شعبے کی پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانے کیلئے ایک مثبت اپروچ اپنانے پر ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی محترمہ فرزانہ الطاف شاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹیمیں تشکیل دے کر مقامی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ میاں اکرم فرید، طارق صادق، عثمان خالد اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مقامی صنعتوں کو کچھ وقت دیا جائے تا کہ وہ بتدریج جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا کر اپنی پیداواری سرگرمیوں کو آلودگی سے پاک بنانے کی کوشش کر سکیں۔