بینک اسلامی اور جوبلی لائف کے مابین معاہدہ پر دستخط

354

بینک اسلامی نے حال ہی میں ملک کی معروف لائف انشورنس اور تکافل آپریٹر جوبلی لائف ۔ ونڈو تکافل آپریشنز کے ساتھ ایک ریفرل ماڈل ایگریمنٹ پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط بینک اسلامی ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں ہوئے جو مارکیٹ میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کے لئے شراکت داری کی یاد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں اداروں کی سینئر انتظامیہ اور نمائندے موجود تھے جہاں بینک اسلامی کے صدر اور سی ای او سید عامر علی اور جوبلی لائف کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر جاوید احمد نے معاہدے پر دستخط کئے۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بینک اسلامی کے صدر اور سی ای او سید عامر علی نے کہا کہ 2004ء میں ہمارے قیام کے بعد سے ہمارا مشن مستند، شرعی اصولوں اور بہترین ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات اور خدمات پیش کرتے ہوئے اپنے اسٹیک ہولڈرز کیلئے قدر تشکیل دینا رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ اتحاد پاکستان بھر میں پھیلے ہوئے ہمارے برانچ نیٹ ورک کے ذریعے صارفین کو ون ونڈو تکافل حل کے ساتھ مکمل طور پر سہولت فراہم کرے گا۔
جوبلی لائف کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر جاوید احمد نے کہا کہ بینک تکافل نے پاکستان میں تکافل کے طبقہ کو فروغ دینے کے لئے اپنے آپ کو ایک کامیاب ماڈل ثابت کیا ہے اور بہت ہی کم وقت میں اس نے غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفرل ماڈل کے تعارف کے ساتھ ہمیں یقین ہے کہ بینک اسلامی کے ساتھ یہ شراکت داری نئے مواقع کو فروغ دینے اور دونوں اداروں میں ہمارے صارفین کے اعتماد کو مضبوط کرنے کیلئے اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی میں مدد فراہم کرے گی۔