شراب پر پابندی کے بل کی مخالفت نے مسلمانوں کے دل دکھی کردیے، طارق سلیم

48

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ جیسی اسلامی ریاست بنانے کے لیے ایسے لوگ چاہییں جو اس کی صلاحیت رکھتے ہوں، نبیﷺ اور خلفائے راشدین کی مدنی ریاست میں عوام، حکمرانوں کی زبان اور ہاتھ سے محفوظ تھے۔ اس ریاست میں اقربا پروری تھی نہ ہی دوستوں کو بھاری مراعات اور پروٹوکول پر وزیر و مشیر بنایا گیا تھا۔ کیا موجودہ حکمران ایسے اقدامات کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چند منظور نظر خاندانوں کے بے شمار ممبران اسمبلی، دوستوں کوچن چن کر وزرا بنایا جارہا ہے اور عوام کی حالت بدتر ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 7 کے زیر اہتمام عظیم الشان حرمت رسولﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع راجا محمد جواد، امیر زون راجا ضمیرالرحمن، مولانا عبدالرحیم بابر، راجا تنویر احمد، خالد مرزا نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان، صدر جے آئی یوتھ ضلع راولپنڈی سردار تفہیم اعظم، ضلعی جنرل سیکرٹری اصغر خان مہمند سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مقررین نے کہا کہ سود کو منافع اور رشوت کو چائے پانی کا نام دے کر حرام کو حلال نہیں کیا جاسکتا۔ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے شراب پر پابندی کے بل کی مخالفت اور اس کے بعد ریاستی ترجمان کی ہرزہ سرائی نے 22 کروڑ پاکستانی مسلمانوں کے دل دکھی کردیے، ایسے وزرا اور حکمران پاکستان اور اسلام سے قطعی مخلص نہیں ہوسکتے۔