علی ٹاؤن باوا چک سے گزرتا سیم نالہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا

69

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117 کے امیر عمران رشید، جنرل سیکرٹری رانا محمد اقرا، نائب امیر محمد سلیم انصاری نے کہا ہے کہ علی ٹاؤن باوا چک سے گزرتے ہوئے سیم نالے پر گندگی کے ڈھیر اور گوبر کے باعث تعفن، ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں میں اضافہ جبکہ تیزابی فضلے کی گندگی، فیکٹری مالکان کے سیم نالے میں گندا پانی ڈالنے اور عوام کے کوڑا کرکٹ پھینکنے سے علاقہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا، محکمہ ویسٹ مینجمنٹ کی نااہلی کے باعث کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ سیوریج سسٹم کی خرابی کے باعث پورا علاقہ گندے پانی میں ڈوبا رہتا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما عمران رشید اور دیگر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صفائی ستھرائی کے نظام میں سست روی کے باعث علاقہ مکین سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔
کوئٹہ، پشتونخوا کے سینئر رہنماء سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل انتقال کرگئے
کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنماء سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ نماز جنازہ آج صبح گیارہ بجے ایف سی گراؤنڈ موسیٰ خیل میں ادا کی جائے گی، آبائی قبرستان میں تدفین ہوگی۔ دریں اثنا قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے سینیٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہماری ذمے داری ہے، ایس پی سجاول
سجاول (نمائندہ جسارت) ایس پی سجاول ریٹارئرڈ کیپٹن امیر سعود مگسی نے تاجر برادری کی جانب سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہماری ذمے داری ہے۔ عوام کو انصاف دلانے کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں۔ جرائم پیشہ اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا۔ تقریب میں ایس پی امیر سعود مگسی نے سجاول کے تاجر دلیپ کمار کو ایک ہفتے قبل لوٹی گئی تین لاکھ روپے کی رقم بھی واپس کی۔ اس موقع پر تاجر رہنما حاجی اسلم میمن، حاجی عبدالمجید میمن، حاجی اکبر، حافظ ریاض اشفاق میمن اور دیگر نے ایس پی امیر سعود مگسی، ڈی ایس پی علی محمد کھوسو، ایس ایچ او قادر بخش بہرانی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔