کے سی سی آئی او ر یوایس ایڈ کا ایس ایم ای اے 19دسمبر کو منعقد ہوگا

231

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا 19دسمبر2018 بروز بدھ یونائیٹیڈ اسٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ( یو ایس ایڈ) اور کے سی سی آئی کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد ہونے والی’’ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ایکٹیوٹی( ایس ایم ای اے)‘‘ کی صدارت کریں گے۔ایک بیان کے مطابق یو ایس ایڈ کا ایس ایم ای اے ایک 5سالہ منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان کی معاشی ترقی کو کچھ اس طرح سپورٹ کرنا ہے کہ ایس ایم ایز معیشت میں اہم کردار ادا کرسکیں تا کہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں،تجارت کے فروغ حاصل ہو اور جی ڈی پی میں اضافہ ہو۔
امریکی حکومت کے طویل المیعاد عزم کے تحت پاکستانیوں کے بہتر مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے گھریلو آمدنی اور روزگار میں اضافے،ایس ایم ایز کے شعبے کو مسابقت کے قابل بنانے،تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے اورکاروبار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے لئے ایس ایم ای اے نجی شعبے کے ذریعے ترقی کے لیے سازگار ماحول کو بہتر بنانے پر کام کررہا ہے۔
وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریب رہ کر کام کرتے ہوئے یہ منصوبہ ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرتے ہوئے ایس ایم ایز اور سرمایہ کار پالیسیوں پر نظرثانی میں مدد کر رہاہے تاکہ ان پالیسیوں پر عمل درآمد کرکے اداروں کی صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔ایس ایم ای اے معیشت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی پاکستانی ایس ایم ایز کی مالیاتی اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد کر رہا ہے جن میں آئی سی ٹی، مہمان نوازی،نقل و حمل،لائٹ انجینئرنگ،معدنیات، ٹیکسٹائل اور زرعی کاروبار اور پروسیسنگ بمشول خواتین کو اپنا کاروبار چلانے میں مدد فراہم کرنا شامل ہیں۔اس منصوبے کا مقصد زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایز تک رسائی حاصل کرنا ہے اور ایسی ایس ایم ایز کو سپورٹ کرنا ہے جن میں ترقی کرنے کی بھرپور صلاحیت ہو۔ان ایس ایم ایز کی سرمائے تک رسائی میں مدد ، اپنی پیداوار کو بہتر بنانے،انتظامی امور میں مدد کرنے،سرٹیفیکیٹس کے حصول اور منافع بخش گھریلو اور برآمدی مارکیٹوں تک رسائی کو بڑھانے میں مدد کی جاتی ہے۔
کے سی سی آئی کے پلیٹ فارم کو ایس ایم ای سرگرمی کے لیے خاص طور پر منتخب کیا گیا ہے کیونکہ یہ ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے جو کراچی میں کام کرنے والی ایس ایم ایز کی نمائندگی کرتا ہے تاکہ کے سی سی آئی کے ممبران ایس ایم ای اے کی تفصیلات کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکیں۔ کراچی چیمبر کے صدر جنید ماکڈا نے ممبران سے درخواست کی کہ اس سرگرمی میں بھرپور شرکت کر تے ہوئے وہ اس منصوبے سے فائدہ اٹھاسکیں جس کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے،آمدنی کو بڑھانے اورکاروباری اداروں کو مدد فراہم کرکے برآمدات میں اضافہ ممکن ہو گا۔