اپنی منظورشدہ قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حق خوداداریت دی جائے، رکن قومی اسمبلی
کراچی:پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی منظور کردہ قرارداد کے مطابق حق خوداداریت دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے۔ ہزاروں کشمیری شہید اور پیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں کشمیری بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی پراسرار چشم پوشی لمحہ فکریہ ہے۔ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر امریکہ، برطانیہ و دیگر ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے۔
عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ کشمیریوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم فوری طور پر بند کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔ زیرِ حراست کشمیری قیادت کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ چادر اور چہاردیواری کا تقدس بحال کیا جائے۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ کشمیری بھائیوں کو حق خود اداریت دی جائے۔