کراچی:پاکستان کے صف اول کے اسلامی بینکوں میں سے ایک بینک اسلامی لمیٹڈ نے پاکستان کے نمبر ون لگژری آٹو موبائل برانڈ پریمیئر سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (آڈی پاکستان) کے ساتھ سال 2018ء کے لئے اپنے معاہدے میں توسیع کی ہے۔ اتحاد کے دو سالوں کی کامیاب تکمیل کے ساتھ بینک اسلامی اور آڈی پاکستان نے پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور اسلامی آٹو فنانس کے ذریعے ملک بھر میں آڈی کے صارفین کو آسان مالیاتی پیکیجز کی پیشکش کی ہے۔ بینک اسلامی کے ہیڈ آف کنزیومر بینکنگ بلال فیاض اور آڈی پاکستان کے پریمیئر سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) محمد یاسین خان نے کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران معاہدے پر دستخط کے ذریعے اس شراکت داری کو آگے بڑھایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال فیاض نے کہا کہ مئی 2016ء میں ہمارے ابتدائی معاہدے کی کامیابی کے ساتھ اس میں توسیع ایک سنگ میل ہے جس سے نہ صرف دونوں ادارے بلکہ اس کے صارفین ہمارے منفرد منظم آٹو فنانسنگ سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ محمد یاسین خان نے کہا کہ اس اقدام نے بینک اسلامی اور آڈی پاکستان دونوں کیلئے ایک بہترین صورتحال پیدا کر دی ہے کیونکہ یہ ہمیں اپنے صارفین کو بہترین خدمات کی فراہمی کے قابل بناتا ہے۔