فیڈریشن انتخابات میں پاکستان ویسٹ پروڈکٹس ایسوسی ایشن کا بزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کریں گے،، ارشد ریاض فاضل
بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے عملی اقدامات کرینگے،بزنس مین پینل کے رہنماؤں کاغیر مشروط حمایت پر اظہار تشکر
کراچی :پاکستان ویسٹ پروڈکٹس ایسوسی ایشن نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات 2019میں بزنس مین پینل پاکستان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روزبزنس مین پینل کے گروپ لیڈراور سابق صوبائی وزیر میاں زاہدحسین،زکریاعثمان، ثاقب فیاض مگوں، شوکت احمد، خرم سعید، اور پاکستان ویسٹ پروڈکٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالحفیظ محمد، سینئروائس چیئرمین ارشدریاض فاضل اوروائس چیئرمین میاں محموداحمدسے ملاقات کے بعدیہ اعلان کیا گیا۔پاکستان ویسٹ پروڈکٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بزنس مین پینل کے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بزنس مین پینل کے تمام امیدواروں خصوصاً صدارتی امیدوار سابق وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری اور امیدوار برائے سینئر نائب صدر چوہدری محمد حسین زاہد سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ گزشتہ سالوں میںیونائیٹڈبزنس گروپ کی مجموعی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے ۔یوبی جی نے بزنس کمیونٹی کے مفادات کے بجائے صرف اپنی انڈسٹری کی بقاء کے لیے کام کیا ہے ۔ چارسالوں سے یونائیٹڈبزنس گروپ فیڈریشن کی قیادت پر قابض ہے مگرحقیقی معنوں میں بزنس کمیونٹی کی خدمت نہیں کرسکاہے ، فیڈریشن ہاؤس کے دروازے حقیقی بزنس کمیونٹی کے لیے بندہیں۔فیڈریشن ہاؤس میں جہاں بزنس کمیونٹی مسائل کے حوالے سے بات چیت کی جاتی تھی مگراب اسی فیڈریشن ہاؤس میں حقیقی بزنس مینوں کے خلاف سازشیں کی جاتی ہیں۔پاکستان ویسٹ پروڈکٹس ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے بزنس مین پینل کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ایف پی سی سی آئی کے موجودہ عہدیداروں سے بزنس کمیونٹی مایوس ہوچکی ہے اور بی ایم پی کو بزنس کمیونٹی کے لئے نجات دہندہ تصور کرتی ہے۔اس موقع پر بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے پاکستان ویسٹ پروڈکٹس ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ بزنس مین پینل پاکستان خدمت کے جذبے سے سرشارہے اور ہمارے لیے بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود ہر چیز سے مقدم ہے ۔ہمارا ماضی اور حال گواہ ہے کہ تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے ہمارے رہنما صف اول میں شامل رہے ہیں ۔ہم نے سڑکوں سے لے کر حکومتی ایوانوں تک ان کے مسائل کے حوالے سے آواز اٹھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس بزنس کمیونٹی کو دینے کے لیے جھوٹے نعروں کے سوا کچھ نہیں ہے ۔انہوں نے پہلے بھی سنہرے خواب دکھا کر بزنس کمیونٹی کا مینڈیٹ حاصل کیا اور پھر حکومتی عہدوں کے لیے اس مینڈیٹ کا سودا کرلیاہے۔بی ایم پی رہنماؤں نے کہا کہ خدمت ہمارا شعار ہے،ہم نے کبھی بھی بزنس کمیونٹی کے حقوق پر سودے بازے نہیں کی ہے۔ہم نے میرٹ کی بنیاد پر بہترین امیدواروں کو نامزد کیا ہے اور ہم امیدکرتے ہیں کہ علاؤ الدین مری اور چوہدری محمد حسین زاہد قومی معیشت کی بہتری اورصنعتی ترقی کے لئے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیاں مرتب کریں گے ۔رواں مالی سال میں اب تک کا جاری اکاؤنٹ اور تجارتی خسارہ 20ارب ڈالر سے زیادہ ہوچکا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر پر بدستور دباؤ برقرار ہے،بی ایم پی نے بزنس کمیونٹی کو موثر قیادت فراہم کرنے کا عزم کیا ہے تاکہ تاجر ، صنعت کار اور سرمایہ کارملک کو حالیہ معاشی مسائل سے نکالنے کے لئے حقیقی معنوں میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔