حبکو کا جے سی سی میں تھر انرجی کی فنانسنگ کیلئے معاہدہ

230

کراچی: پاکستان میں بجلی بنانے والی سب سے بڑی کمپنی حب پاور کمپنی نے بیجنگ میں مشترکہ تعاون کمیٹی کے آٹھویں اجلاس میں اپنے 330میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے تھر انرجی کیلئے فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔کمپنی نے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے چائنا ڈیویلپمنٹ بینک جبکہ مقامی سرکایہ کاری کیلئے حبیب بینک کو نامزد کیا ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ خسرو بختیار، سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ، حب پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد منصور، تھر انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم اللہ میمن، چائنا مشینری انجنئیرنگ کارپوریشن کے چیئرمین جانگ چن، چائنا ڈیولپمنٹ بینک سچوان برانچ کے نائب صدر زاؤمنزنگ، فوجی فرٹیلائزر کے چیف فنانشل آفیسر منیر ملک اور حبیب بینک کے ہیڈ آف انوسٹمنٹ بینکنگ عثمان حمید موجود تھے۔
حبکو نے تھر کے مقامی کوئلے سے چلنے والا 330میگاواٹ کا پاور پلانٹ قائم کرنے کیلئے فوجی فرٹیلائزر اور چائنا مشینری انجنئیرنگ کارپوریشن کے ساتھ مل کرتھر انرجی لمیٹڈ قائم کی ہے۔ یہ پاور پلانٹ چند پہلے پاور پلانٹس میں سے ہوگا جس میں بجلی بنانے کیلئے تھر کول بلاکII کامقامی لیگنائٹ کوئلہ استعمال کیا جائے گا۔حب پاور کمپنی ، فوجی فرٹیلائزر اور چائنا مشینری انجینئر نگ کارپوریشن کے ساتھ تھر انرجی لمیٹڈ(Thar Energy Limited)میں بالترتیب 30اور10فیصد سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کرچکی ہے۔
اس منصوبے میں انجنئیرنگ پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن کیلئے چائنا مشینری اینڈ انجنئیرنگ کارپوریشن کے ساتھ معاہدہ کیاگیا ہے جس نے مارچ 2021تک کمپنی کے کمرشل آپریشن شروع کرنے کیلئے کیلئے سائٹ پراپنی سرگرمیاں تیزی سے شروع کردی ہیں۔
حب پاور کمپنی اس وقت اپنے تینوں پاور پلانٹس حب، نارووال اور آزاد کشمیر سے ملک کی مجموعی پیداوار کا 8فیصد 1600میگا واٹ بجلی پیدا کررہی ہے۔ حب پاور کمپنی پاکستان کی واحد بجلی بنانے والی کمپنی ہے جس کے چین پاکستان اقتصادی راہدار ی میں2منصوبے مکمل ہونے جارہے ہیں جن میں حب میں 1320میگا واٹ کا درآمدی کوئلے سے بجلی کا منصوبہ چائنہ پاور حب جنریشن کمپنی اور تھر میں 330میگاواٹ کا تھر کول انرجی منصوبہ منصوبہ شامل ہیں۔