ایف آئی اے‘ ’ آن لائن الیکٹرونک‘ فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار

101

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے3 ارب روپے کے ’آن لائن الیکٹرونک‘ فراڈ میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا، ایف آئی اے سائبر کرائم نے ملزم غلام سرور کو گلشن اقبال سے گرفتار کیا، ملزم سعودی عرب فرارہو نے کی کوشش کررہاتھا، ایف آئی اے سائبر کرائم کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد یونس نے بتایا کہ گرفتارشخص فراڈ کیس کا مرکزی ملزم ہے جس نے ملک میں17 ہزار افراد کو دھوکا دہی کے ذریعے متاثر کیا۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ہر شہری سے آن لائن ویب سائٹ’ چینل ٹائمز‘ کے ذریعے30 ہزار سے5 لاکھ تک رقم وصول کی تھی۔ چینل ٹائمز ایک جعلی ویب سائٹ ہے لیکن ملزمان نے اس کا پتا اٹلی کا ظاہر کیا تھا، مشتبہ شخص اپنے ساتھیوں کے ساتھ چینل ٹائمز ویب سائٹ ڈومین کے استعمال سے فراڈ اسکیم کے تحت ملٹی لیول مارکیٹنگ میں ملوث تھا۔ انہوں نے لوگوں سے پیسے وصول کرنے کے لیے سیکڑوں بائنری اکاؤنٹ بھی کھولے ہوئے تھے اور لوگوں کو ای کرنسی کے ذریعے امریکی ڈالرز میں یومیہ 1.5 فیصد کی شرح سے منافع دینے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ ملزمان نے اس طریقے سے ہزاروں افراد کو دھوکا دیا اور 3 ارب روپے بٹورے۔ ابتدا ئی تحقیقات کے مطابق مذکورہ گینگ ڈیجیٹل کرنسی پرفیکٹ منی، ون لائف اور ون کوائن کی خرید و فروخت میں بھی ملوث تھا۔ خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک نے اس کرنسی پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے نے پاکستان الیکٹرونک کرائمز ایکٹ 2016ء کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 420، 109 اور34 بھی شامل کی گئیں ہیں۔