بلوچستان میں 65 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، یونیسیف 

91

کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان حکومت اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کی جانب سے کیے گئے ایک سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کوئٹہ کے چند مضافات میں 6 ماہ سے 5 سال کی عمر کے 40 سے 65 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔یونیسیف سے منسلک ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے چند مضافات میں6 ماہ سے 5 سال کی عمر کے 45 فیصد سے 65 بچوں کو انتہائی غذائی قلت کا سامنا ہے۔بلوچستان کے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے صوبائی کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر شیر احمد استنکزئی کا کہنا تھا کہ یونیسیف اور بلوچستان حکومت نے مشترکہ طور پرکوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے اضلاع میں 6 ماہ سے 5 سال کے بچوں کا سروے کیاان کا کہنا تھا کہ5 دسمبر سے 8 دسمبر تک ہونے والے اس سروے کے لیے 2500 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ غذائی کمی کے شکار سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں کوئٹہ کی تحصیل پنج پائی اور کاہان شامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنج پائی اور کاہان میں شدید غذائی قلت 40 سے 65 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے اصول کے مطابق جہاں پر 15 فیصد تک بچوں میں غذائی قلت پائی جائے تو وہاں پر ایمرجنسی نافذ کردی جاتی ہے۔ڈاکٹر شیر احمد استنکزئی نے کہا کہ خشک سالی کے باعث بلوچستان حکومت نے صوبے کے 14 اضلاع میں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے چاغی، نوشکی، واشک اور خاران سمیت خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں بھی بچوں کے سروے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی کوآرڈی نیٹر برائے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کہا کہ خشک سالی سے متاثرہ اضلار میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بچوں کا سروے کریں گی۔طبی ماہرین کے ماننا ہے کہ غربت، صاف پانی کی عدم فراہمی اور غیرمعیاری خوراک ہی غذائی قلت کا باعث بنتے ہیں۔