کتاب انسان کی دوست ،شعور و آگہی کابہترین ذریعہ ہے،حسین محنتی 

137

کراچی /کندھ کوٹ(اسٹاف رپورٹر+نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کتاب انسان کی زندگی میں فہم و ادارک اور ان کی صلاحیتوں کی نشونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔کتاب انسان کا حقیقی دوست ہے ،صحتمند معاشرے اور شعور کی آگہی کے لیے مطالعے کو اپنی زندگی کا حصہ بناناچاہیے ، کتب بینی ہی تعلیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ، اس لیے تو کہا گیا ہے ’’ماں کی گود سے لحد تک تعلیم حاصل کرو‘‘۔ اللہ تعالی نے تمام انبیا کرام پر کتابیں نازل کیں جبکہ انسانیت کی رہنمائی اور امت کے فلاح وکامیابی کے لیے نبی کریم ؐ پر سب سے عظیم اور بڑی کتاب قرآن مجید نازل فرمائی، جس کو زندگی کا دستور عمل بناکر انسانیت دنیا وآخرت کی کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ کراچی انٹرنیشنل بک فیئر کے دورے کے موقع پر مختلف اسٹالز پر بات چیت کے دوران کیا، اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ان کے ساتھ تھے، انہوں نے کراچی میں تسلسل کے ساتھ کتاب میلے کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کتاب میلے کے ذریعے عوام میں کتب دوستی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں محمد حسین محنتی نے جماعت اسلامی ضلع کشمورکندھ کوٹ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اسلامی شعور سے ہی منزل ممکن ہے ، الحادی قوتیں پاکستان پر بھوکے بھیڑیوں کی طرح لپٹ چکی ہیں ،نوجوانوں کو کردارادا کرنا ہوگا ،سید کالگایاہواپودا شجرسایہ دار بن چکا ہے، جماعت اسلامی اتحاد واتفاق اور بحرانوں سے نکلنے کاواحد ذریعہ ہے، ملک میں سابق اورموجودہ حکمران کرپشن کی جڑیں بن کرابھریں ہیں ، عوام کو ہربار دھوکا دے کر حکمرانی حاصل کی، انہوں نے کہاکہ اسمبلی میں شراب پرپابندی کی مخالفت کرنے والے حکمران کیامدینے جیسی اسلامی فلاحی ریاست لائیں گے؟ یہ سب عوام کو دھوکا دینے والی باتیں ہیں۔