سوشل میڈیا پراسلحے کی نمائش کرنے والوں کیخلا ف کریک ڈاؤن کا پلان ترتیب

53

اسلام آباد(آن لائن)وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے سوشل میڈیا پراسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلا ف بھی کریک ڈاؤن کرنے کا پلان ترتیب دے دیا ہے ۔وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریا ر آفریدی کو ہدایت دی کہ سوشل میڈیا فیس بک پر بہت سارے گروپ ایسے ہیں جو کہ مختلف ناموں سے اسلحے کی نمائش کے ساتھ عام شہریوں کو ڈراؤنی اور خوفناک تصاویر کے ذریعے خوف میں مبتلا کرتے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے وزیراعظم کے احکاما ت کی روشنی میں ایف آئی اے سائبر کرائم کو ہدایت دے دی ہے کہ سوشل میڈیا پراسلحے کی نمائش کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور وہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔