جماعت اسلامی کی امانت ودیانت کے مخالفین بھی معترف ہیں، عارف شیرازی

44

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک دینی اور جمہوری جماعت ہے۔ فوج کے بعد سب سے زیادہ منظم جماعت اسلامی ہے۔ جماعت اسلامی کی امانت ودیانت پر ہمارے مخالفین بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں ضلعی شعبہ مالیات کے زیر اہتمام زونل اور یونین کونسلز کے ناظمین مالیات کے لیے منعقدہ مالیاتی تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مالیاتی تربیتی ورکشاپ سے مرکزی شعبہ مالیات جماعت اسلامی پاکستان منصورہ لاہور سے آمدہ محمد رفیق، ضلعی شعبہ مالیات کے سربراہ محمد جاوید اختر اور راجا ممتاز حسین نے بھی مالیات کے نظام آڈٹ اور دیگر امور پر تفصیلی اظہار خیال کیا اور شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، سیکرٹری اطلاعا ت ملک محمد اعظم، زونل اور یوسیز اُمراء اور ناظمین مالیات بھی موجود تھے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ جماعت اسلامی امانت و دیانت کے ساتھ خدمت خلق کے کاموں میں بھی سب سے آگے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زلزلہ ہو یا سیلاب یا پھر کوئی اور ارضی و سماوی آفت آنے پر عام لوگ بھی جماعت اسلامی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ مخالف لوگ بھی جماعت اسلامی کے دفاتر اور کیمپوں میں آ کر اپنے عطیات جمع کرواتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن اس وقت ملک کی سب سے بڑی این جی او ہے جو دن رات عوا م کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ ہماری تمام تر سرگرمیوں کا مقصد آخرت میں اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے۔ایک بندہ مومن کے لیے آخرت میں اللہ رب العالمین کی رضا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
لاہور، جامعہ پنجاب کے 127 ویں جلسہ عطائے اسناد میں1419 ڈگریاں و میڈلز تقسیم
لاہور (آئی این پی) پنجاب یونیورسٹی کے 127ویں جلسہ عطائے اسناد میں پی ایچ ڈی کے 131، ایم ایس /ایم فل کے 478، ایم اے/ایم ایس سی کے 325 اور بی ایس کے 217 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں جبکہ ایم ایس /ایم فل کے 115، ایم اے /ایم ایس سی کے 68اور انڈر گرایجوئٹس کے 85طلبہ و طالبات کو میڈلز دیے گئے جبکہ کل1419ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔