بلوچستان اسمبلی:ماہی گیروں کے مسائل جاننے کیلیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ 

45

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)گوادر میں ماہی گیروں کے احتجاج اور مسائل جاننے کے لیے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر نے حزب اختلاف اور حکومت سے کمیٹی کے لیے نام طلب کر لیے۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر بابر موسی خیل کی صدرات میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بی این پی مینگل سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ثنابلوچ نے توجہ دلاؤنوٹس پر کہا کہ گوادر میں گزشتہ 2ماہ سے ماہی گیر احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہیں،ان کا مطالبہ ہے کہ ایکسپریس وے کی تعمیر سے ماہی گیروں کا روزگار ختم ہوکر رہ گیا ہے اور2 وقت کی روٹی کے محتاج ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ
بلوچستان کے 700کلو میٹرطویل ساحل پرمقامی ماہی گیروں کے روزگار کو تحفظ دینے اور ان کے حالات زندگی بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ارکان اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہو ئے ماہی گیروں کے مطالبات پرپارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دی کہ اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے لیے3،3 نام پیش کیے جائیں تاکہ وہ وہاں کا دورہ کرکے ماہی گیروں کے احتجاج اور ان کے دیگر مطالبات معلوم کرسکے۔بعدازاں اسمبلی اجلاس (کل) پیر کی سہ پہر 3 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔