لاپتا افراد کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کی جائیگی ‘ضیا لانگو

67

کوئٹہ( نمائندہ جسارت )وزیر داخلہ بلوچستان ضیالانگو کا کہنا ہے کہ ملک میں بیرونی سازشوں اور ماضی میں سیاست دانوں کے غلط فیصلوں نے کشمکش کی فضا قائم کی لاپتا افراد کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کی جائے گی۔ضیا لانگو نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاپتا افراد کے لواحقین سے ملنے ان کے کیمپ آئے تھے مگر رات ہونے کی وجہ سے وہ کیمپ میں موجود نہیں تھے تاہم میں ان لواحقین سے ضرور ملوں گا۔ ان کہنا تھا سیکورٹی فورسز نے جانوں کا نظرانہ پیش کر کے ملک میں قیام امن قائم کیا اب اس امن کو بیرونی سازشوں کا شکار نہیں ہونے دیں گے بلوچستان کے لاپتاافراد کا مسئلہ حل کر نے کیلیے تمام اسٹیک ہولڈر سے بات کی جائے گی ،بلوچستان کے معصوم عوام کو ورغلا کر پہاڑوں پر بھیجا گیا صوبے میں بیرونی سازشوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،صوبے میں غیر ملکی خفیہ ایجنسیاں کام کر رہی تھیں جن کی سازشوں کو ہمارے اداروں نے ناکام بنایا ضیا لانگو کا مزید کہنا تھا کہ مغوی ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی جلد اوربحفاظت بازیابی کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں،خواہش ہے کہ پولیس لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور عوام کے ساتھ مثبت رویہ قائم کرے جس کے لیے پولیس کو تربیت فراہم کی جائے گی ان کا کہنا تھا سیکورٹی فورسز، حکومت اور عوام امن و امان کے قیام کے لئے ایک پیج پر ہیں جس کے تحت 2019ء امن کا سال ثابت ہوگا۔