وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کی کمپنی نے مہمند ڈیم کا ٹھیکا حاصل کرلیا

65

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کی کمپنی ڈیسکون نے مہمند ڈیم کا ٹھیکا حاصل کرلیا۔ مہمند ڈیم کے ٹھیکے کی بولی میں ایف ڈبلیو او اور پاور چائنا نے بھی حصہ لیا تاہم ڈیسکون نے چینی کمپنی گھیزوبا کے ساتھ مل کر309 ارب روپے کی کامیاب بولی دے کر ٹھیکا اپنے نام کرلیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق عبدالرزاق داؤد ڈیسکون کے بانی ہیں تاہم وزیراعظم کا مشیر بننے کے بعد انہوں نے کمپنی کی چیئرمین شپ چھوڑ دی تھی‘ اب ان کے بیٹے تیمور داؤد ڈیسکون کے چیئرمین ہیں‘ مہمند ڈیم میں3 لاکھ کیوسک پانی ذخیرہ کرنے کے علاوہ 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی‘ 2003ء میں ڈیم کی تعمیر کی لاگت ایک ارب ڈالر تھی جو تاخیر کی وجہ سے اب بڑھ کر3 ارب ڈالر ہوگئیہے۔ چیئرمین واپڈا کے مطابق ٹھیکے دار 10 ہفتوں میں متعلقہ مشینری کے ساتھ ڈیم کی سائٹ پر آجائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی مصروفیت کی وجہ سے مہمند ڈیم کی کل ہونے والی افتتاحی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ وزارت آبی وسائل کے مطابق مہمند ڈیم کا نظرثانی شدہ پی سی ون تاحال منظور نہیں ہوا اور زمین کی خریداری بھی مکمل نہیں ہوئیجبکہ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے بھی منصوبے کا این او سی نہیں دیا۔ ذرائع وزارت آبی وسائل کے مطابق منصوبے کے جلد بازی میں افتتاح سے مسائل پیدا ہوں گے۔