پنجاب میں ہزاروں طلبہ کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کر رہے ہیں

53

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ زبیرعباسی اورجنرل سیکرٹری امان اللہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ طلبہ مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں اور حکمران مسائل پر توجہ دینے کیبجائے سیاست کر رہے ہیں پنجاب میں اس وقت بھی ہزاروں طلبہ موسم کی شدت کے باوجود کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ فیسوں میں بے جا اضافہ،عمارتوں کی کمی، سکولز اور کالج میں سفارشی اور نااہل سٹاف کی بھرتیوں جیسے مسائل طلبہ کے بنیادی مسائل ہیں حکومت وقت بڑے بڑے دعوے کرنے کے بجائے طلبہ کے چھوٹے چھوٹ مسائل حل کرے۔انہوں نے کہاکہ ان تمام مسائل کی وجہ سے طلبہ پریشانیوں میں مبتلا ہیں اور ان کا تعلیمی کئیریر داؤ پر لگ جاتا ہے ۔ ایسے حالات میں طلبہ یونین کے الیکشن کا ہونا از حد ضروری ہے۔طلبہ یونین کے الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ برداری کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے جا رہے ہیں۔ملک میں ہر سطح پر یونین موجود ہے لیکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے نوجوان اس سے محروم ہیں جو کہ جمہوریت کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اصلاحِ معاشرہ کیلیے نوجوانوں کی تعلیمی، اخلاقی، نظریاتی، سیاسی اور فنی تربیت نا گزیر ہے، نوجوان طلبہ معاشرے کی اساس اور مستقبل کے معمار ہیں، جنکی تعلیم و تربیت کر کے نہ صرف معاشرے کی بنیاد کو مضبوط اور مستحکم کیا جاتا ہے بلکہ اس معاشرے کے ذریعے اقوام عالم میں بلند مرتبہ و مقام بھی پایاجا سکتا ہے، نصاب تعلیم ملی تقاضوں کے مطابق ہونا چاہئے، دورِ حاضر کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے حالات کا جائزہ لے کر انقلابی پالیسیاں مرتب کرنی چاہیے۔
تنظیم اساتذہ کی صوبائی انتظامیہ کا خصوصی اجلاس کل حیدرآباد میں ہوگا
حیدرآباد (پ ر)تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری نے صدرِصوبہ کی اجازت سے صوبائی مجلس انتظامیہ کا خصوصی اجلاس 6جنوری بروزاتوارصبح 11 بجے قرآن ہال مسجدِ قباء حیدرآباد میں طلب کرلیا ہے۔ پروفیسر نصراللہ لغاری کے مرکزی نائب صدرمنتخب ہونے کے سبب خالی ہونے والی نشست کے لئے صوبائی مجلس انتظامیہ کے ارکان اپنے ووٹ کے ذریعے صوبہ سندھ کے نئے صدر کا انتخاب کرینگے ،سیکرٹری صوبہ اشرف خان نے تمام مجلس انتظامیہ کے ارکان کو بروقت شرکت کی ہدایت کی ہے ۔نیز نومنتخب مرکزی نائب صدر پروفیسر نصراللہ لغاری اس خصوصی اجلاس میں اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھائیں گے ۔