ٹریفک جام وتجاوزات شہریوں کیلیے وبال جان بن گئے ہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی

85

کوئٹہ(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک مسائل کی وجہ سے ہرفردبالخصوص ملازم پیشہ اورمریض سخت پریشان ہیں،حکومت کی طرف سے مسئلے کے حل کیلیے کوئی منصوبہ وپیشرفت نہیں، گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیاہے، ٹریفک جام و تجاوزات شہریوں کیلیے وبال جان بن گیا ہے، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں ہونے کی وجہ سے شہری ذہنی مریض بن گئے ہیں ۔حکومت کی طرف سے آنکھیں بندیاٹریفک پولیس کی نفری کم ہونا مسئلے کا حل نہیں۔شہر وگردونواح میں جعلی ڈاکٹرز،جعلی لیبارٹریز،اناڑی اسسٹنٹس، دو نمبر ومہنگی ادویات کے فروخت ونجی کلینکس پر بھاری فیسز ،صفائی کی ناقص صورتحال کا حکومت نوٹس لیکر عوام کی جان ومال سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں گھنٹوں ٹریفک جام میں ٹریفک پولیس اہلکار تماشائی کا کردار اداکر رہے ہوتے ہیں اوررش وٹریفک جام میں اکثر ٹریفک پولیس اہلکار غائب ہوجاتے ہیں، لگتا ہے ٹریفک جام میں ٹریفک کنٹرول کرنا ٹریفک پولیس کا کام نہیں ۔صرف چالان کاٹنا ،نفری کم یا رش کا کہنا مسئلے کا حل نہیں۔تجاوزات وجگہ جگہ پارکنگ نے بھی ٹریفک کے مسائل پیدا کردیے ہیں حکومت کو فی الفور صوبائی دارالحکومت کے ٹریفک مسائل کو حل کرنا چاہیے تاکہ شہری اذیت سے نکل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر وگردونواح میں اتائی ڈاکٹرز،لیبارٹریزعوام کی جان ومال سے کھیل رہے ہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونا لمحہ فکر ہے ۔ مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے شہر بالخصوص وگردونواح میں اتائی ڈاکٹرز، لیبارٹریز ، کلینکس اورجعلی میڈیکل اسٹورزکی بھر ما رہے زائد المعیاد ادویات کی فروخت ،اناڑی لیب اسسٹنٹ ،نام نہا دلیبارٹریوں میں صفائی نہ ہونا لمحہ فکر ہے ۔نجی اسپتالوں میں ڈاکٹرزکی طرف سے درجنوں مہنگی ادویات کی پرچیاں، لیبارٹریزکے مہنگے وبہت سے غیر ضروری ٹیسٹوں نے غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔حکومت نجی ڈاکٹرز ، اسپتالز،کلینکس ولیبارٹریزکی فیسز خود مقررکریں تاکہ ہر فردہرلیبارٹری اپنی مرضی کی بھاری فیسزلیکر غریب عوام کو لوٹنابند کریں ۔ایک طرف مہنگائی بے روزگاری ،دوسری طرف جعلی ڈاکٹرز،جعلی ادویات اور وہ بھی بہت مہنگی ان حالات میں غریب عوام کیلیے جیننا مشکل تر ہورہاہے حکومت اس طرف بھی توجہ دے تاکہ لوٹ مار کا بازار بند ہوسکے۔
حیدرآباد پولیس کی کارروائی،دو ملزمان منشیات و اسلحہ سمیت گرفتار
حیدرآباد (نمائندہ جسارت) پولیس کی کارروائی 2 ملزمان گرفتار 12 بوتل شراب اور 30 بور پستول برآمد ۔ SHO پھلیلی کا دوران پیٹرولنگ انٹیلی جنس انفارمیشن پر ٹنڈو میر محمود میں چھاپا منشیات فروش منصف عرف مونو ولد غلام حسین پٹھان کوگرفتارکرکے ملزم کے قبضے سے12 بوتل شراب برآمدہوئی ۔ SHO ہوسڑی نے دوران چیکنگ ملزم غلام رسول کھوسو کوگرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے غیرقانونی 30 بور پستول معہ میگزین و راؤنڈ برآمد کرلیے ،پولیس نے مقدمات درج کرلیے۔